لاہور(آئی این پی)محکمہ بلدیات پنجاب نے عوام کی سہولت کے لیے برتھ و ڈیتھ رولز میں ترامیم کا فیصلہ کر لیا۔سیکریٹری بلدیات نورالامین مینگل کی سفارشات پر ترامیمی مسودہ پنجاب کابینہ کو ارسال کردیا گیا۔محکمہ بلدیات پنجاب کی جانب سے لیٹ اندراج کی مدت بڑھانے اور رجسٹریشن فیسوں کو کم کرنے پر غور بھی کیا گیا۔ترجمان لوکل گورنمنٹ کے مطابق نارمل اندراج کی مدت 60 یوم مقرر کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔کابینہ کی منظوری سے لیٹ اندراج کا دورانیہ 61 یوم تا 7 سال مقرر کیا جائے گا۔نارمل اندراج کی رجسٹریشن فیس 200 روپے رکھی جائے گی، لیٹ اندراج کی فیس 300 روپے ادا کرنے کی تجویز پیش کی گئی ہے۔غیر ملکی بچے کی پیدائش پر فیس 2000 روپے کرنے کی سفارش کی گئی ہے، 6 ماہ بعد موت کا اندراج لیٹ تصور کیا جائے گا۔ترجمان لوکل گورنمنٹ کا یہ بھی کہنا ہے کہ کابینہ کی منظوری کے بعد موت کے اندراج کی لیٹ فیس 1000 روپے ہو گی۔ترامیمی مسودہ پنجاب حکومت سے منظوری کے بعد صوبے بھر میں نافذ کیا جائے گا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں