سیشن کورٹ نے ریاست مخالف بیان کیس میں ن لیگی رہنما جاوید لطیف کی ضمانت منظور

لاہور(آئی این پی)لاہور کی سیشن کورٹ نے ریاست مخالف بیانات دینے کے کیس میں مسلم لیگ (ن)کے رہنما میاں جاوید لطیف کی ضمانت منظور کر لی ہے، انھیں دو، دو لاکھ کے مچلکے جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے۔بدھ کوایڈیشنل سیشن جج حفیظ الرحمان نے ریاست مخالف بیان دینے کے الزام کے مقدمے میں درخواست ضمانت پر سماعت کی۔سیشن عدالت نے جاوید لطیف کی درخواست ضمانت پر فیصلہ محفوظ کیا تھا جسے بعد میں سنایا گیا۔عدالت نے جاوید لطیف کی درخواست ضمانت منظور کرلی اور رہائی کیلئے دو، دو لاکھ کے مچلکے جمع کرانے کی ہدایت کی۔جاوید لطیف کی ضمانت بعد از گرفتاری کی درخواست پر کل چار سماعتیں ہوئیں جبکہ انہیں 27 اپریل کو گرفتار کیا گیا تھا۔اس سے قبل لیگی رہنما جاوید لطیف کو بکتر بند گاڑی میں ماڈل ٹاون کچہری پیش کیا گیا۔ عدالت کے احاطے میں میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ مجھے اپنی نہیں، ملک کی فکر ہے، ملک کا نظام تباہ ہو گیا ہے۔میاں جاوید لطیف نے کہا کہ آئے روز ٹرینوں کے حادثات ہو رہے ہیں لیکن حکومت کسی چیز کی ذمہ داری لینے کے لیے تیار نہیں ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں