شدید گرمی کی وجہ سے سکولوں کے اوقات کار کم کر دیئے گئے

اسلام آباد ( پی این آئی) ملک بھر میں جاری غیر معمولی گرمی کی شدت کے باعث سے بچوں کے نڈھال ہونے کے واقعات کے بعد تعلیمی اداروں کے اوقات کار کم کر دیے گئے۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی سرکاری تعلیمی اداروں کے اوقات کار کم کر دیے گئے ہیں ، جس کا نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے ، نوٹی فکیشن کے مطابق تعلیمی ادارے ایک گھنٹہ جلد صبح 7 بجے کھولے جائیں گے اور 11 بجے تک تعلیمی سرگرمیاں رہیں گی ، تعلیمی ادارے پیر سے جمعرات تک صبح 7 سے دن 11 بجے تک کھلیں گے جو کہ اس سے پہلے صبح 8 بجے کھلتے تھے اور دوپہر 1 بجے تک تعلیمی سرگرمیاں جاری رہتی تھیں جب کہ ایوننگ شفٹ والے تعلیمی ادارے جمعہ اور ہفتہ کو کھلیں گے ، تعلیمی اداروں کو 50 فیصد بچے بلانے کی اجازت ہو گی۔علاوہ ازیں حکومت نے گرمی کی شدت بڑھنے اور سکولوں میں بچوں کی حالت غیرہونے کے واقعات پر موسم گرما کی تعطیلات پر غور شروع کردیا ہے، تعلیمی اداروں میں 15جون سے چھٹیوں کا امکان ہے، لاہور، اسلام آباد سمیت مختلف اضلاع میں شدید گرمی کے باعث معصوم بچے نڈھال اور بے ہوش ہونے لگے، جبکہ بجلی کی غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ میں بھی اضافہ ہوگیا ہے۔ذرائع کے مطابق حکومت نے جون کے سخت اورشدید گرمی کے مہینے میں سکول کھول تو دیے ہیں لیکن بچوں کا سکول جانا اور پھر آگ برساتی گرمی میں سکول سے واپس آنا محال ہوگیا ہے۔ بچے سکولوں میں گرمی کی شدت کے باوجود نہ صرف کلاسز میں بیٹھتے ہیں بلکہ گرم پانی پینے پر بھی مجبور ہیں، اکثر سکولوں میں گرمیوں کے پیش نظر بنیادی سہولیات میسر نہیں ہیں، واٹر فلٹریشن پلانٹ بھی نہ ہونے کے برابر ہیں،جس سے طلبا میں پانی کی کمی کے مسائل بھی سامنے آرہے ہیں ، اسی طرح کلاسز میں 50، 50 بچوں کا ایک ساتھ بیٹھنا مزید درجہ حرارت بڑھا دیتا ہے، اگر بجلی چلی جائے تو پسینے سے شرابور بچے گرمی سے نڈھال ہوجاتے ہیں، دیہاتی علاقوں میں تو بچوں کو ایک گاؤں سے دوسرے گاؤں میں سکول جانے کیلئے طویل فاصلہ طے کرنا پڑتا ہے۔

close