اسلام آباد (پی این آئی) وفاقی وزیر اسد عمر اور لیفٹیننٹ جنرل حمود الزمان کی زیر صدارت نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر ( این سی او سی ) کا اجلاس ہوا جس میں کورونا پابندیوں میں نرمی کر دی گئی جبکہ تاجر برادری کیلئے بھی بڑی خوشخبری سنائی گئی۔این سی او سی کے اجلاس میں کورونا ویکسی نیشن اور ایس او پیز پر عملدرآمد کی صورتحال پر غور کیا گیا، این سی او سی کے مطابق اب کاروبار ہفتے میں دو روز کی بجائے ایک روز بند رہیں گے اور اس ایک روز کی چھٹی کا انتخاب بھی صوبے اپنی مرضی سے کریں گے ۔ دفاتر میں پچاس فیصد حاضری کی پابندی بھی ختم کر دی گئی اب دفاتر میں 100 فیصد حاضری کے ساتھ کام کیا جا سکے گا۔سرکاری ملازمین کی ویکسی نیشن 30 جون تک مکمل کی جائے گی ۔اجلاس میں کہا گیا کہ 30 جون تک تمام پبلک سیکٹر ملازمین کی ویکسی نیشن کے پابند ہوں گے ۔مزارات ،سینما اور ثقافتی تقریبات پر پابندی برقرار رہے گی ۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے اجلاس کے فیصلوں پر اطلاق 15 جون سے ہو گا ۔ 11 جون سے ویکسی نیشن سینٹر صبح 8 سے رات 10 بجے تک کھلے رہیں گے جبکہ ملک بھر میں ویکسی نیشن سینٹر کی تعطیل توار کے روز ہو گی۔اجلاس میں بین الصوبائی ٹرانسپورٹ ہفتے میں دو دن بند رکھنے کی پابندی بھی ختم کر دی گئی جبکہ پچاس فیصد مسافروں کی گنجائش کو 70 فیصد کر دیا گیا۔ اجلاس میں کہا گیا کہ ان ڈور جم صرف ویکسی نیٹڈ لوگوں کیلئے کھل سکیں گے اور اسی طرح کے غیر رابطے والی کھیلوں کی اجازت ہو گی ، کراٹے ، باکسنگ ، کبڈی ، رسلنگ اور اس طرح کے دیگر کھیلوں پر پابندی برقرار رہے گی ۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں