ڈہرکی ٹرین حادثے کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ تیار، المناک حادثے کی اصل وجوہات کیا ہیں؟ تفصیلات آگئیں

لاہور(آئی این پی)ڈہرکی ٹرین حادثے کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ تیار کرلی گئی،ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق حادثہ اپ ٹریک کی دائیں پٹری کا ویلڈنگ جوائنٹ ٹوٹنے کے سبب ہوا، اپ ٹریک کی دائیں پٹری کا جوڑ ویلڈنگ سے جڑا ہوا تھا جو ٹوٹا ہوا پایا گیا، پٹری کا جوڑ ٹوٹنے سے ملت ایکسپریس کی 12 مسافر کوچز ڈائون ٹریک پر گرگئیں،تحقیقاتی رپورٹ  کے مطابق  ڈائون ٹریک پر کراچی جانے والی سرسید ایکسپریس ملت ایکسپریس کی کوچز سے ٹکرا گئی اور  حادثے کے نتیجے میں سرسید ایکسپریس کا انجن اور چار کوچز پٹری سے گریں جب کہ ملت ایکسپریس کا انجن اور 6مسافر کوچز ٹریک پر ہی رہیں، سرسید ایکسپریس کی 12مسافر کوچز ٹریک پر ہی رہیں،رپورٹ کے مطابق حادثے کی شکار ٹرینوں کے انجنوں کے بلیک باکس کاڈیٹا نکالا جارہا ہے، بلیک باکس سے حاصل معلومات کو وفاقی انسپکٹرز آف ریلویز کی تحقیقات میں شامل کیا جائے گا،رپورٹ میں مزید بتایا گیاہے کہ سرسید ایکسپریس راولپنڈی سے کراچی کے لیے جارہی تھی اور ملت ایکسپریس کراچی سے سرگودھا جارہی تھی،واضح رہے کہ ڈہرکی ٹرین حادثے کے نتیجے میں اب تک 62افراد جاں بحق ہوچکے ہیں اور 100سے زائد زخمی ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں