سینیٹر یوسف رضا گیلانی بھی جہانگیر ترین کی حمایت میں کھل کر سامنے آگئے، حکومت سے کیا مطالبہ کر دیا؟

 ملتان(آئی این پی) پاکستان پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما اور سابق وزیراعظم سینیٹر سید یوسف رضا گیلانی نے مطالبہ کیا ہے کہ جہانگیر ترین سمیت تمام افراد کو انصاف ملنا چاہیے، ریلوے کے حادثات پر انکوائری ہونی چاہیے اور ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جانی چاہیے،  جنوبی پنجاب کو این ایف سی ایوارڈ کے تحت حصہ ملنا چاہیے، بجلی کے نرخوں میں 200فیصد اضافہ ہو چکا ہے، عوام کو ریلیف دلانے کے لیے ایک مشترکہ حکمت عملی اپنانا ہو گی،تفصیلات کے مطابق منگل کو میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر سید یوسف رضا گیلانی نے مطالبہ کیا کہ ٹرین سانحہ کے متاثرین کو امداد فراہم کی جائے اور زخمیوں کو بہترین طبی سہولتوں کی فراہمی یقینی بنائی جائے،انہوں نے کہا کہ حکومتوں کو 100روزہ پلان پر لازمی عمل درآمد کرنا چاہیے، ان کا کہنا تھا کہ ہم نے اپنے 100روزہ پلان پر عمل درآمد کیا تھا،سینیٹرسید یوسف رضا گیلانی نے بجٹ کو گورکھ دھندہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ بجٹ سے پہلے اور بعد میں منی بجٹ آتے ہیں،انہوں نے دعوی کیا کہ عوام کے مسائل پر اپوزیشن ایک ہے اس حوالے سے کسی کو غلط فہمی نہیں ہونی چاہیے پی ڈی ایم کی وجہ سے اپوزیشن کمزور نہیں ہوئی،سینیٹرسید یوسف رضا گیلانی نے اعلان کیا کہ بجٹ عوام دوست نہ ہوا تو بھرپور مخالفت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب صوبہ چاہیے، سیکریٹریٹ قابل قبول نہیں ہے، اگر کوئی سیکریٹریٹ بنا تو مسائل حل نہیں ہوسکیں گے جنوبی پنجاب کو این ایف سی ایوارڈ کے تحت حصہ ملنا چاہیے،سابق وزیراعظم نے کہا کہ بجلی کے نرخوں میں 200فیصد اضافہ ہو چکا ہے، عوام کو ریلیف دلانے کے لیے ایک مشترکہ حکمت عملی اپنانا ہو گی، سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ سیاست دان عزت دار لوگ ہیں وہ عزت کیلئے سیاست کرتے ہیں کسی سیاست دان کو بکائو مال کہنا نامناسب ہے، انہوں نے کہا کہ اب بھی ہمارے پرانے منصوبوں پر ہی تختیاں لگ رہی ہیں، بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کا نام احساس پروگرام رکھ دیا گیا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close