ٹرین حادثہ سفاکانہ قتل، ذمہ دار باتوں کی چمپیئن تحریک انصاف حکومت ہے، مصطفی کمال

کراچی(آن لائن)پاک سر زمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفیٰ کمال نے ڈھرکی کے قریب ٹرین حادثے میں قیمتی جانوں کے ضائع اور زخمی ہونے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے دور حکومت میں ٹرینوں کے 44 کے قریب حادثات ہوئے جس میں سینکڑوں قیمتی جانیں ضائع ہوگئی ہیں۔ ان اموات کو افسوسناک حادثات مان کر صرف افسوس کا اظہار نہیں کیا جاسکتا، ریلوے حادثات دراصل سفاکانہ قتل ہیں جسکی زمہ دار نااہل اور باتوں کی چیمپئین تحریک انصاف کی وفاقی حکومت ہے جس نے نا تو ریلوے ٹریکس اور نا ہی ریل گاڑیوں کی کسی قسم کی دیکھ بھال کی۔ عمران خان وزیر اعظم بننے سے پہلے کہتے تھے کہ کوئی ٹرین حادثہ ہوتا ہے تو وزیر ریلوے کو فوراً استعفی دینا چاہیے لیکن 40 اندہوناک حادثات کے باوجود وزیر ریلوے سے باز پرس تو دور کی بات، انکو وزیر ریلوے سے ترقی دے کر وزارت داخلہ کا اہم ترین قلمدان سپرد کر دیا گیا، جبکہ ان کی کارکردگی پر سپریم کورٹ میں جو ریمارکس آئے اس سے اندازہ ہوتا ہے کہ عمران خان کی اصل دلچسپی پاکستان نہیں بلکہ صرف بلند بانگ دعوے اور اپوزیشن پر الزام تراشیوں کے زریعے قوم کو گمراہ کرنا ہے۔ عمران خان نے احتساب کے بیانیے کو خود اپنے ہاتھوں سے دفنا دیا ہے۔ اتنے مہلک حادثات کے باوجود محکمہ ریلوے اور حکومت کی جانب سے حادثات کی روک تھام کیلئے کسی قسم کے کوئی ٹھوس اقدامات دیکھنے میں نہیں آرہے۔ پاکستان کی عوام جب تک آواز نہیں اٹھائے گی تب تک لاشیں اٹھاتی رہے گی۔ نااہلی، مجرمانہ غفلت، رشوت خوری نے ملک کی جڑیں کھوکھلی کردی ہیں۔ حقیقت تو یہ ہے کہ موجودہ حکمران کرپشن روکنا تو درکنار خود کرپشن میں ڈوبے ہوئے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی اور نیشنل کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ عوام ووٹ ڈالتے وقت سیاسی لیڈران کی باتوں کے بجائے انکے کردار، قابلیت اور ماضی میں کی گئی خدمت اور محنت کو دیکھیں، ان کی تکالیف کا ازالہ کرنے کیلئے آسمان سے فرشتے نہیں آئیں گے۔ عوام کو فریاد کرنا چھوڑ کر اپنے حق کیلئے آواز اٹھانا، احتجاج کرنا اور حق بات کیلئے تکلیف برداشت کرنا سیکھنا ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملک بھر میں ٹرین حادثات میں تشویشناک اضافہ اور قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع تشویشناک ہے۔ آج کے اندوہناک حادثے میں جاں بحق افراد کے تمام سوگوار لواحقین سے دلی تعزیت و ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے مرحومین کی مغفرت، درجات کی بلندی، لواحقین کے لیے صبر جمیل اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close