تاجروں کیلئے بڑی خوشخبری، حکومت نے مارکیٹیں دیر تک کھولنے کی اجازت دیدی

کراچی(پی این آئی) سندھ حکومت نے پیرسے دکانیں رات 8 بجے تک کھولنے اورکراچی سمیت صوبے بھر میں تعلیمی سرگرمیاں بحال کرنے کا فیصلہ کیاہے۔تفصیلات کے مطابق وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ کی زیر صدارت سندھ ٹاسک فورس کا اہم اجلاس ہوا، اجلاس میں کراچی سمیت سندھ بھر میں کرونا کی صورت حال پر تفصیلی غور کیا گیا۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ پیر 7 جون سے صوبے بھر میں دکانیں رات 8 بجے تک کھولی جائیں گی، تاہم تمام دکانوں کے اسٹاف کو ویکسین لازمی کرانا ہوگا، اور 15 دن بعد دکانوں کے اسٹاف کے ویکسینیشن سرٹیفکیٹس چیک کیے جائیں گے۔اجلاس میں فیصلہ کیا ہے کہ آئوٹ ڈور ڈائننگ کی رات 12 بجے تک کھولنے کی اجازت ہوگی، اور آئوٹ ڈور ڈائننگ پر لوگوں کے درمیان فاصلہ رکھنا لازمی ہوگا، 2 ہفتوں کے بعد شادی ہالز، آئوٹ ڈور شادیوں کی اجازت ہوگی، ساحلِ سمندر، بیچ اور سی ویو بھی کھولنے کا اعلان کردیا گیا ہے، جب کہ سیلون بھی ایس او پیز کے تحت کھولنے کی اجازت ہوگی۔اجلاس میں صوبائی وزرا ، چیف سیکریٹری، آئی جی سندھ اور رینجرز کے نمائندے شریک ہوئے۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ 5جون کو کراچی میں کیسز کی شرح 8.5 فیصد تھی اور یکم جون کو کراچی میں 12.45 فیصد کیسز تھی۔ 5 جون کو حیدرآباد میں 11.06 فیصد کیسز تھی۔اس وقت کراچی میں 79مریض وینٹی لیٹرز پر ہیں جبکہ شہید بے نظیر آباد میں 2 مریض وینٹی لیٹرز پر ہیں۔وزیراعلی سندھ نے محکمہ صحت کو ٹارگٹ دیا کہ اگلے 3 مہینوں میں 1 کروڑ 80 لاکھ لوگوں کو ویکسین لگانے کے انتظامات کئے جائیں۔دوسری جانب وزیرتعلیم سندھ سعید غنی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنی ٹویٹ میں اعلان کیا کہ ٹاسک فورس کے اجلاس میں تعلیمی اداروں کو کھولنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے، نویں جماعت سے جامعات تک کے تعلیمی ادارے آج(پیر) سے کھولنے کی اجازت ہوگی، تمام تدریسی و غیر تدریسی عملے کی ویکسینیشن لازمی ہوگی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close