کچی آبادی کے مکینوں کیلئے خوشخبری، حکومت نے مالکانہ حقوق دینے کا اعلان کر دیا

لاہور (پی این آئی) کچی آبادی کے مکینوں کے لئے خوشخبری کا اعلان کر دیا گیا، رواں سال مالکانہ حقوق دینے کی تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں،وزیراعظم عمران خان نے پنجاب حکومت کو گرین سگنل بھی دے دیاہے۔تفصیلات کے مطابق وزیراعظم نے کچی آبادی کے مکینوں کو مالکانہ حقوق دینے کے لئے پنجاب حکومت کوخصوصی ہدایات جاری کر دی ہیں۔لہٰذا اب کچی آبادیوں کے مکینوں کو مرحلہ وار مالکانہ حقوق دئیے جائیں گے،وزیراعظم عمران خان کی جانب سے کچی آبادیوں کے مکینوں کو مالکانہ حقوق دینے کے لئے پیپر ورک مکمل کرنے کی ہدایات دی گئی ہیں جبکہ سینئر صوبائی وزیرعبدالعلیم خان کی بنائی گئی سفارشات بھی منگوا لی گئیں، وزیراعظم عمران خان نے کچی آبادیوں سے متعلق پنجاب حکومت سے تفصیلات بھی طلب کرلی گئیں۔لاہور، پنجاب میں کہاں،کہاں اور کتنی کچی آبادیاں ہیں تمام تفصیلات مرتب کرنے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔یاد رہے کہ وزیر قانون راجہ بشارت کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی قانون کا اجلاس چند دن قبل ہوا تھا جس میں کچی آبادیوں کی ریگولرائزیشن سکیم 2012 پر نظر ثانی کی تجویز منظور کرلی گئی تھی۔ تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت کی زیر صدارت سول سیکرٹریٹ میں کابینہ کمیٹی قانون کا 59 واں اجلاس منعقد ہوا تھا جس میں صوبائی وزیر ہائر ایجوکیشن راجہ یاسر ہمایوں اور متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز نے شرکت کی تھی۔اس میٹنگ میں کچی آبادیوں کی ریگولرائزیشن سکیم 2012ء پر نظر ثانی کی تجویز منظور کی گئی، سرکاری یونیورسٹیوں میں وائس چانسلرز کی تقرری کے لیے مطلوبہ معیارمیں ترامیم کی تجویزمنظور کی گئی، پنجاب سول سرونٹس ایفی شیئنسی اینڈ ڈسپلنری رولز 2021 اور پیڈا ایکٹ 2006 میں ترامیم کی تجویز منظور کی گئی اورایکسائز پولیس اسٹیشنز کو فعال کرنے کے حوالے سے پنجاب نارکوٹکس کنٹرول ایکٹ 2020 میں ترمیم بھی منظور کرلی گئی تھی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close