ملتان(پی این آئی) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ افغانستان کے مشیر حمد اللہ محب امن میں رکاوٹیں کھڑی کرکے تخریبی کردار ادا کر رہے ہیں۔افغانستان کے مشیر کی تقریرسن کر خون کھولتا ہے، افغان نیشنل سیکیورٹی ایڈوائزر کان کھول کرسن لیں ، اگرزبان درازی بند نہ کی توکوئی پاکستانی تم سے ہاتھ ملائے گا نہ گفتگوکرے گا، اپوزیشن کے پاس مہنگائی کم کرنے سے متعلق تجاویز ہیں تو پیش کریں، بلے کے نشان پرمنتخب ہونیوالے عمران خان کی قیادت پرمتفق ہیں، بجٹ کے حوالے سے صرف قیاس آرائیاں کی جارہی ہے،ہمارے سمجھداردوست بجٹ میں رکاوٹ نہیں ڈالیں گے۔ ملتان میں شاہ رکن عالم انٹرچینج پر تحریک انصاف( پی ٹی آئی) کے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے شاہ محمودقریشی نے کہا کہ افغانستان کے مشیرافغانستان کے امن میں رکاوٹیں کھڑی کررہے ہیں، افغانستان سے متعلق وزیراعظم عمران خان کی سوچ کوآج دنیا میں پذیرائی مل رہی ہے، پاکستان پرالزام لگانے والے آج مذاکرات پرقائل ہوگئے ہیں، افغانستان میں امن واستحکام کے لیے ہماری کاوشیں جاری رہیں گی۔انہوں نے کہا کہ افغانستان کے نیشنل سیکیورٹی ایڈوائزر کان کھول کرسن لو، پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بڑی قربانیاں دیں، افغانستان کے نیشنل ایڈوائزرنے اگرزبان درازی بند نہ کی توکوئی پاکستانی تم سے ہاتھ ملائے گا نہ گفتگوکرے گا، وزیراعظم عمران خان، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ ، وزیرخارجہ شاہ محمود افغانستان میں امن کے لیے جاتے ہیں، ہمسایہ ملک کے نیشنل ایڈوائزر کو شرم آنی چاہیے، افغانستان کے مشیر کی ننگرہارکی تقریرسن کرمیرا خون کھول رہا ہے۔ایف اے ٹی ایف سے متعلق بات چیت کرتے ہوئے وفاقی وزیر خارجہ نے کہا کہ کچھ طاقتوں نے فیٹیف کے پلیٹ فارم کوسیاست کی نذرکرنے کی کوشش کی، فیٹف اجلاس میں پاکستان کی کوششوں کوسراہا گیا،فیٹیف میں ہمیں کامیابی مل رہی ہے، اب پاکستان کومزید گرے لسٹ میں رکھنے کا جوازنہیں رہ گیا، مسلم لیگ کی حکومت سے ہمیں گرے لسٹ ملی تھی، عمران خان کی قیادت میں گرے لسٹ سے نکل کر ملک سفید لسٹ کی طرف بڑھ رہا ہے، اگرفیٹیف میں میرٹ پر فیصلہ ہوا تواگلے ماہ پاکستان کوکامیابی ملے گی۔فلسطین سے متعلق بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ غزہ میں25منٹ پر125بم گرائے گئے، اسرائیل نے نہتے فلسطینیوں پرظلم کیا، فلسطینی کہتے ہیں انصاف دو، جو کچھ فلسطینی کہہ رہے ہیں وہی کشمیری بھی کہہ رہے ہیں، فلسطین مظالم پرنیویارک،واشنگٹن،لندن،کینیڈا میں مظاہرے ہوئے، اجلاس میں مصرکے وزیرخارجہ نے بتایا اسرائیل فائربندی پرآمادہ ہوگیا ہے، پاکستان نے اوآئی سی کے ساتھ مل کرجنیوا میں قرارداد پیش کی، جنیوا میں قرارداد ہماری دوسری کامیابی تھی۔ اوآئی سی،عرب لیگ کے پلیٹ فارم سے فلسطین کا مقدمہ پیش کیا، سلامتی کونسل کی چارنشستیں بے نیتجہ رہی، پاکستان نے اوآئی سی کے پلیٹ فارم پرفلسطین کی وکالت کی۔وزیر خارجہ نے کہا کہ پارلیمنٹ،سینیٹ کی متفقہ قرارداد نے ثابت کردیا فلسطین، کشمیرمسئلے پر قوم ایک ہے، جس طرح ببانگ دہل فلسطینیوں کا مقدمہ لڑا، مارچ 2022 کو اسلام آباد میں پورے عالم اسلام کے وزرائے خارجہ کواکٹھا کرکے کشمیریوں کا مقدمہ لڑوں گا، کروڑوں لوگوں نے سوشل میڈیا پرمیرا دفاع کیا، میرا انٹرویو 30لاکھ لوگوں نے دیکھا معمولی بات نہیں، جب یہودی لابی نے سوشل میڈیا پرمجھ پرحملہ کیا توپاکستان کے بچے،بچے نے میرا دفاع کیا۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ( پی ڈی ایم) کا قبلہ ایک نہیں مگرمقصد بند گلی سے فرارکا راستہ مل جائے، پی ڈی ایم کوکہوں گا ’آگ لگ گئی تمہارے اتحاد کو ،ملتان کے چراغ سے‘ یہ کیسی حزب اختلاف ہے کہتی ہے میں نا مانوں، ملتان نے ہرسیاسی جدوجہد میں ہراول دستے کا کردارادا کیا ہے، اپوزیشن کے پاس مہنگائی کم کرنے سے متعلق تجاویز ہیں تو پیش کریں، بلے کے نشان پرمنتخب ہونیوالے عمران خان کی قیادت پرمتفق ہیں، بجٹ کے حوالے سے قیاس آرائیاں کی جارہی ہے،ہمارے سمجھداردوست بجٹ میں رکاوٹ نہیں ڈالیں گے،مسلم لیگ ن میں اس وقت دوقسم کی سوچ ہے۔ ایک سوچ کی شہباز شریف اور دوسری کی مریم نوازنمائندگی کر رہی ہیں۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ کورونا کی وجہ سے ہمسایہ ملک کی گروتھ منفی ہورہی ہے،بھارت میں ایک کروڑکے قریب افراد بےروزگار ہوئے ہیں،کورونا وبا کی وجہ سے دنیا کے بیشتر ممالک کی معیشت متاثر ہوئی جبکہ پاکستان کی معیشت کی شرح نمو 4 فیصد تک پہنچ چکی ہے، جو بھی پی ٹی آئی کا ساتھی ہے وہ عمران خان کی قیادت پر متفق ہے، وزیراعظم عمران خان کا کرپشن پر بڑا واضح پیغام ہے، کرپشن نے ملک کو کھوکھلا کیا، کرپشن پر عمران خان کسی سے رعایت نہیں کریں گے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں