ن لیگ کی وکٹیں گرنے کا سلسلہ جاری، سینئر ن لیگی رہنما تحریک انصاف میں شامل

مظفر آباد (پی این آئی ) ن لیگ کی وکٹیں گرنے کا سلسلہ جاری، ایک اور سینئر لیگی رہنما نے نے ساتھیوں سمیت تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کر دیا- تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) نے آزاد کشمیر میں پاکستان مسلم لیگ ن کی بہت اہم وکٹ ہفتے کے روز اُس وقت گرائی جب اہم اور سینئر رہنما نے اپنی سابق جماعت کو الوداع کہا اور عمران خان کے قافلے میں شامل ہوگئے۔پاکستان مسلم لیگ ن آزاد کشمیر سے تعلق رکھنے والے سینئر رہنما سردار طاہر اقبال نے وزیراعلیٰ پنجاب کے معاونِ خصوصی کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کیا۔ سردار طاہر اقبال کا کہنا تھا کہ ’مسلم لیگ ن چھوڑ کر آج پی ٹی آئی میں شامل ہو رہا ہوں،آزاد کشمیر میں انصاف کے اداروں کو متنازع بنایا جارہا ہے،راجہ فاروق حیدر نے شعبۂ تعلیم میں نالائق لوگوں کو مستقل بنیادوں پر ملازمت دے دی‘۔اُن کا کہنا تھا کہ ’حکومت نے آزاکشمیر کے نظام کو درہم برہم کر دیا ہے،راجہ فاروق حیدر عدالتوں میں بھی من پسند ججز کو تعینات کررہے ہیں، آزادکشمیر حکومت نے میرٹ کی پامالیاں کیں ہیں، 3 بار این ٹی ایس میں فیل ہونے والوں کو مستقل بنیادوں پر ٹیچر بنا دیا گیا’۔ وزیراعلیٰ پنجاب کے معاون خصوصی سردارتنویر الیاس نے پریس کانفرنس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’ سردارطاہراقبال کی طویل سیاسی جد وجہد ہے، وہ آزاد کشمیر کے سیاسی میدان میں نمایاں حیثیت رکھتے ہیں، سردارطاہر اقبال کی شمولیت سے آزاد کشمیر میں تحریک انصاف مزید مضبوط ہوگی‘۔اُن کا کہنا تھا کہ ’ہماری دیگر سیاسی رہنماؤں سے بھی بات چیت جاری ہے، آنے والےدنوں میں اہم شخصیات پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کریں گی کیونکہ ہم نے آزادکشمیر میں میرٹ کی پامالی کو بے نقاب کر کے میرٹ کے مسئلے کو اجاگر کیا‘۔ سردار تنویر الیاس کا کہنا تھا کہ ’راجہ فاروق حیدر نے پہلے سپریم کورٹ میں واردات کی، آج وہ ہائی کورٹ میں واردات کرنے جا رہے ہیں،ہم اس میرٹ کی پامالی کے خلاف سخت مزاحمت کریں گے کیونکہ مدت ختم ہونے والی حکومت کو ججز کی تقرری کا اختیار نہیں ہے‘۔وزیراعلیٰ پنجاب کے معاونِ خصوصی نے دعویٰ کیا کہ ’ججزکی تقرریوں میں پیسہ چل رہا ہے، آزاد کشمیر میں بھی باقی ملک کی طرح نگراں حکومت ہونی چاہیے تاکہ شفاف انتخابات کو یقینی بنایا جاسکے‘۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز ) پاکستان مسلم لیگ ن کے آزاد کشمیر سے تعلق رکھنے والے رہنما نے ساتھیوں سمیت تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کرلی تھی۔ آزاد کشمیر سے پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما سردار امتیاز طاہر نے جمعے کے روز وزیراعلیٰ پنجاب کے معاونِ خصوصی کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کی ، جس میں انہوں نے ساتھیوں سمیت تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کیا ، سردار امتیاز نے حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف کے منشور اور وزیراعظم عمران خان کی پالیسیوں پر بھی مکمل اعتماد کا اظہار کردیا۔اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے معاون خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب سردارتنویرالیاس نے کہا کہ راجہ امتیاز طاہر نے آج پی ٹی آئی میں ساتھیوں سمیت شمولیت اختیارکی، وہ آزاد کشمیر کی سیاست میں اپنی منفرد پہچان رکھتے ہیں ، پی ٹی آئی کے اقدامات اور عوامی سیاست کی وجہ سے بلاول بھٹو زرداری اور راجہ فاروق حیدر مایوس ہیں، یہ مایوسی اُن کے چہروں پر عیاں ہے۔

close