پاکستانی تاریخ میں پہلی مرتبہ حکومتی اراکین اسمبلی کوکھربوں کے ترقیاتی فنڈز دینے کی تیاریاں،تمام معاملات خفیہ رکھنے کیلئے بجٹ میں فنڈز کا نام ہی تبدیل

لاہور (آن لائن) وفاقی حکومت نے اپنی جماعت اراکین قومی اور پنجاب اسمبلی سمیت حکومتی اتحادی جماعتوں کے اراکین اسمبلی کو پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا ترقیاتی پیکیج دینے کا فیصلہ کیا ہے اور اس پیکیج کو آنے والے بجٹ میں باقاعدہ شامل کرلیا گیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ حکومتی اور حکومت کے حمایتی اراکین اسمبلی کو مجموعی طور پر تین کھرب 50 ارب روپے کا ترقیاتی پیکیج دیا جائے گا جسے وہ تین ماہ میں خرچ کرنے کے پابند ہونگے جبکہ اس پیکج میں سے لاہور کو صرف 7 ارب روپے کے فنڈز فراہم کرنے کا فیصلہکیا گیا ہے۔ فنڈز کے حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت نے سب سے زیادہ فنڈز ملتان اور بہاولپور کو دینے کا فیصلہ کیا ہے جس کی وجہ ان دونوں شہروں کا وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سمیت خاتون اول کے علاقہ سرائیکی بیلٹ بتائی گئی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت نے اس فنڈز میں سے 1 کھرب 34 ارب روپے سڑکوں کی بحالی پر خرچ کئے جائیں گے جبکہ اس بڑے پیکیج کے فنڈز کو چھپائے رکھنے کے لئے بجٹ میں اس منصوبے کو زرعی ترقیاتی پیکیج کا نام دیا گیا ہے جبکہ کھربوں روپے کے اس فنڈز میں سے 34 کروڑ روپے ضلعی ترقیاتی پروگراموں پر خرچ کئے جائیں گے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں