راولپنڈی (آئی این پی)معاون خصوصی وزیر اعلیٰ پنجاب فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ صوبوں میں پانی کی تقسیم پر سیاست کرنے والے حقائق کے منافی باتیں کر رہے ہیں اور حقیقت یہ ہے کہ سندھ کی حکومت پانی چوری کرنے والے وڈیروں کی سرپرستی کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب چاہتا ہے کہ ارسا فعال کر دار ادا کرے اور ٹیلی میٹری سمیت جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جائے تاکہ پانی کی تقسیم کا کوئی جھگڑا ہی نہ پیدا ہو۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کی سرزمین پر پانی ہیڈ مرالہ سے تونسہ تک 2600 مربع میل کا سفر کرکے سندھ داخل ہوتا ہے اور اس عمل صرف چھ فیصد پانی ضائع ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں پانی 600 مربع میل کے علاقہ میں بہتا ہے جبکہ سندھ میں 39 فیصد پانی ضائع ہوتا ہے جو دراصل سندھ کے وڈیرے چوری کرتے ہیں اور ان کو سندھ کی صوبائی حکومت کی سرپرستی حاصل یے۔ان خیالات کا اظہار انہوں راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی میں ‘خدمت آپ کی دہلیز پر’ پروگرام کے تحت پریس کانفرس سے خطاب کرتے ہوئے کی۔ اس موقع پر ایم ڈی آر ڈبلیو ایم سی اویس منظورتارڑ اور اسسٹنٹ کمشنر سٹی وقاص سکندری بھی موجود تھے۔معاون خصوصی وزیر اعلی پنجاب فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ پنجاب پر انگلیاں اٹھانا بند کریں اور سندھ کارڈ فارمولا سے باز آ جائیں کیونکہ یہ قومی سلامتی کے لئے خطرناک ہے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پنڈی دل ہے اور آکسیجن سیچوریشن فل لیول پر ہے اور تمام شریانیں پوری طرح کھلی اور فعال ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہر ایشو پر وزیر اعظم عمران خان لیڈ کر رہے ہیں اور ملک اب معاشی استحکام اور ترقی کی طرف بڑھ رہا ہے۔ معاون خصوصی پنجاب نے راولپنڈی رنگ روڈ کے متعلق ایک سوال کے جواب میں کہا کہ وزیر اعظم عمران خان عوام کے حق پر کسی کو ڈاکہ نہ ڈالنے دیں گے اور اگر ضرورت پڑی تو اپنوں کے خلاف بھی کاروائی کریں گے۔ انہوں نے کہا تحریک انصاف کی حکومت یکساں احتساب کرے گی اور اس معاملے میں کسی قسم کی تفریق نہیں کی جائے گی جبکہ اس سے پہلے شاہی خاندان بندر بانٹ کرتے تھے۔پی ڈی ایم کے بارے میں ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ جعلی راجکماری کے اقتدار کے خواب زمیں بوس ہو گے ہیں اور اب اصل مقابلہ ن اور ش لیگ کے درمیان ہے اور اب جعلی راجکماری کہ تمام تر توانائیاں کا مرکز ان کے چچا ہیں اور حقیقت یہ ہے کہ پی ڈی ایم ختم ہو چکی ہے۔ معاون خصوصی وزیر اعلیٰ پنجاب ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت اور افواج پاکستان کی لازوال قربانیوں سے ملک سے دہشتگردی کا خاتمہ کیا گیا ہے،ملک کا دہشتگردی سے جڑا تعارف ختم ہوا، اب سیاحت کا تعارف شروع ہوا ہے جس کے لئے صفائی ناگزیر ہے۔انہوں نے کہا کہ آج قوم میں اچھا وقت ہے، ڈپلومیٹک کور پاکستان کے متعلق اچھی خبریں اپنے ملکوں کو دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو مشکل حالات سے نکالنے کے لیے عمران خان کا قائدانہ کردار ہے اور ملک خودکفالت اور معاشی آزادی کی طرف بڑھ رہا ہے۔فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ سیاحت معاشی ترقی کا ذریعہ ہے، سیاحوں سے ٹیکس کا حصول اصل ٹارگٹ ہے اور سیاحت کا فروغ ملک میں صفائی ستھرائی سے جڑا ہے۔فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی نے ایک ہفتہ میں 10292 صفائی کی سرگرمیاں کی ہیں اور ‘خدمت آپ کی دہلیز پر’ ایپ پر 72 شکایات وصول ہوئیں، 70 کا تدارک ہو چکا ہے۔انہوں نے کہا کہ ‘خدمت آپ کی دہلیز پر’ پروگرام کے تحت 875 ٹن تعمیراتی ویسٹ تلف کیا جبکہ چھ ہزار تین سو چونسٹھ ٹن دیگر ویسٹ تلف کیا ہے۔مقامی حکومتوں کے بارے ایک سوال کے جواب میں، فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ پنجاب کے بلدیاتی اداروں کے ابھی تک غیر فعال ہونے کی وجہ یہ ہے کہ سپریم کورٹ کا تفصیلی فیصلہ ابھی تک نہیں آیا اورحکومت پنجاب نے لوکل گورنمنٹ محکمہ کی طرف سے نظر ثانی کی درخواست دائر کر رکھی ہے۔فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ راولپنڈی رنگ روڈ بنے گی اور اس کی لمبائی 36 کلومیٹر ہو گی جبکہ سالانہ ترقیاتی پروگرام میں اس کے فنڈز مختص کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ایک ہفتہ کے اندر ذمہ داران کے خلاف کاروائی شروع ہو گی۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں