لاہور (آن لائن)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیر صدارت وزیراعلیٰ آفس میں صوبائی کابینہ کا 44واں ا جلاس منعقد ہوا، 4 گھنٹے تک جاری رہنے والے اجلاس میں اہم فیصلے کئے گئے -پنجاب کابینہ نے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کی منظوری دی ،جس کے تحت گریڈ 1 سے 19 تک کے صوبائی ملازمین کو25فیصد خصو صی الاؤنس دیا جائے گا،خصوصی الائونس کا اطلاق یکم جون 2021سے ہوگا اور7لاکھ 21ہزار سے زائد ملازمین 25فیصد خصوصی الاؤنس کے حقدار ہوں گے -کابینہ نے یونیورسل ہیلتھ انشورنس پروگرام کے تحت پہلے مرحلے میں 7ارب10کروڑ روپے کے فنڈز کے اجراء کی منظوری دی-پروگرام کے تحت پہلے مرحلے میں ڈیرہ غازی خان ڈویژن اور ساہیوال ڈویژن کے شہریو ںکومفت علاج معالجہ کی سہولتیں ملیں گی-وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ پروگرام کے تحت پنجاب کی پوری آبادی کومفت ہیلتھ کوریج دیں گے- دسمبر تک ہر خاندان کو یونیورسل ہیلتھ کوریج دیں گے اور اس پروگرام کے تحت 7 لاکھ 20 ہزار روپے تک سالانہ مفت علاج کی سہولت میسر ہوگی – وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کورونا ویکسین کی خریداری کے عمل کومزید تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ محکمہ صحت ویکسین کی خریداری کے لئے ہنگامی بنیادوں پر تمام ضروری اقدام اٹھائے-کابینہ نے پنجاب بورڈ آف ریونیو ایکٹ 1957 میں ترمیم کی منظوری دی اوراس ترمیم سے ریونیو سے متعلقہ کیسوں پر نظر ثانی کی دوسری اپیل کاحق نہیں ہوگااور ریونیو کیسوں کاجلد فیصلہ ممکن ہوسکے گا-کا بینہ نے حالیہ بارشوں سے ہونے والی اموات اور مالی نقصان کے ازالے کیلئے مالی امداد دینے کی اصولی منظوری دی-حافظ آباد، ساہیوال، اوکاڑہ ،پاکپتن او ردیگر اضلاع میں متاثرین کو فوری طور پرمالی امداد دی جائے گی-وزیراعلیٰ نے متاثرین کو مالی امدادکی فراہمی جلد سے جلد یقینی بنانے کی ہدایت کی -صوبائی کابینہ کے اجلاس میں سٹمپ ایکٹ 1899میں ترامیم کا فیصلہ کیا گیا-پنجاب کابینہ نے 122سال پرانے سٹمپ ایکٹ میں ترامیم کی منظوری دی اور اس ترمیم سے بورڈ آف ریونیو کے پاس پرائیویٹ ہائوسنگ سوسائٹیوں کے آڈٹ کا اختیار ہوگا-فلیٹس ،ملٹی سٹوری بلڈنگز کی ملکیت کا ریکارڈ جمع کیاجا سکے گااورحکومت کو ریونیو ملے گا-وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے تمام شہروں کے ماسٹر پلان تیار کرنے کی ہدایت کی اورشہروں کی ماسٹر پلاننگ کے لئے خصوصی کمیٹی تشکیل دی گئی-وزیراعظم نیا پاکستان ہائوسنگ پروگرام کے تحت پیری اربن ایریا زمیںافورڈ ایبل ہائوسنگ پراجیکٹس کو پنجاب ریونیو اتھارٹی کے سیلز ٹیکس سے مستثنیٰ قرار دینے کی اصولی منظوری دی گئی-اجلاس میں پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی کے ڈائریکٹر جنرل محمد اشرف طاہر کے کنٹریکٹ میں توسیع کی منظوری دی جبکہ فرانزک سائنس ایجنسی میں نیا ٹیلنٹ سامنے لانے کے لئے ضروری اقدامات کا فیصلہ کیاگیا- راوی اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے چیف ایگزیکٹو آفیسرکے عہدے پر میرٹ میں پہلے نمبر پرآنے والے عمران امین کی تقرری کی با ضابطہ منظوری دی گئی جبکہ راوی اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے نئے ممبران کی نامزدگیوںکی منظوری بھی دی گئی-کابینہ نے پنجاب آرمز رولز 2017ء میں ترمیم کی منظوری دے دی اور اس ترمیم سے اسلحہ لائسنس کی ٹرانسفر اورموڈی فکیشن کا اختیار اضلاع میں ڈپٹی کمشنرکے پاس ہو گا- اجلاس میں انسپکشن اینڈ سرٹیفکیشن آف پرائیویٹ وہیکلز (موٹر کار) کے لئے قانونی ترامیم کی منظوری دی گئی-پنجاب گرین ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت 5سال پرانی پرائیویٹ گاڑیوں کوروڈ فٹنس سرٹیفکیٹ حاصل کرنا ہوگا جبکہ3ویلر موٹر سائیکل رکشہ کوٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر جرمانہ کیا جاسکے گا-اجلاس میں پنجاب موٹر وہیکلز رولز 1969ء اور پنجاب موٹر وہیکلز ٹرانزیکشن لائسنس رولز 2015 ء میں ترامیم کی منظوری دی گئی-موٹر وہیکلز کی رجسٹریشن اور خرید و فروخت کے نظام کو مزید شفاف بنانے کے لئے بائیو میٹرک سسٹم اور ارجنٹ پروسیسنگ فیس کا نظام متعارف کرایا جائے گا-بائیومیٹرک کی سہولت ای خدمت سنٹر،نادرا اور موٹر ڈیلرز کے پاس بھی ہوگی اور اس سسٹم سے گاڑیوں کی رجسٹریشن او رخرید وفروخت کے نظام میں جعلسازی کا خاتمہ ہو گا- کا بینہ نے پنجاب لیٹرز آف ا یڈمنسٹریشن اینڈ سکسیشن) Succession) سرٹیفکیٹس رولز 2021کی منظوری دی جن کے تحت وراثتی سر ٹیفکیٹس کے اجراء کو آسان بنایاجائے گا اور ا جراء نادرا سنٹرز سے ہوسکے گا-اجلاس میں پنجاب ایگریکلچراینڈ میٹ کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرزکے لئے نامزدگیوں اور پنجاب فنانس ایکٹ 2014ء میں ترامیم کی منظوری دی گئی اوراس ترمیم سے لگژری ہائوسز پر ٹیکس کے نفاذ سے متعلق شکایات کاازالہ نچلی سطح پر ممکن ہوسکے گا اورمتعلقہ ریجن کے ڈائریکٹرزشکایات سن کر فیصلہ کرسکیںگے جبکہ ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل کے پاس اپیل کی جاسکے گی- کابینہ نے سولرپاور کی نیٹ میٹرنگ پر عملدرآمد کے لئے محکمہ توانائی اور DISCOs کے درمیان مفاہمت کی یادداشت کے مسودے کی منظوری دی گئی-محکمہ سوشل ویلفیئر کے 222ملازمین کو ریگولر کرنے کے لئے قواعد وضوابط کے مطابق مزید اقدامات کرنے کی اجازت دے دی-چیئرمین پنجاب زکوۃاینڈ عشر کونسل کے عہدے کے قواعد وضوابط میں ردوبدل کی منظوری دی گئی-کابینہ نے انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ اتھارٹی پنجاب کی کارکردگی کو سراہا اور خیبر پختونخوا کے ہسپتالوں کی تعمیر و مرمت کے لئے انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ اتھارٹی پنجاب کو سروسز دینے کی اجازت دی-اجلاس میں سپریم کورٹ کے احکامات کے مطابق محکمہ تعلیم کے اسسٹنٹ لائبریرین کو گریڈ 8سے گریڈ11 دینے کی منظوری دی گئی- چنیوٹ میںجوڈیشل کمپلیکس کی تعمیر کے لئے محکمہ اوقاف کی اراضی کو سٹیٹ لینڈ سے تبادلے کی منظوری دی گئی- پنجاب ورکرز ویلفیئر فنڈ ہائوسنگ الاٹمنٹ پا لیسی 2021 کی منظوری دی گئی -اس اقدام سے ورکرز کو گھروں کی الاٹمنٹ کے حوالے سے سہولتیں ملیںگی-اجلاس میں ون ونڈو سیل لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی،ہاؤسنگ اربن ڈویلپمنٹ اینڈ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کی پرفارمنس آڈٹ رپورٹ برائے سال 2016-17ء کو پنجاب ا سمبلی میں پیش کرنے کی منظوری دی گئی جبکہ ڈسٹرکٹ گورنمنٹس اور حکومت پنجاب کے اکاؤنٹس کے بارے میں آڈیٹر جنرل آف پاکستان کی رپورٹس برائے سال 2017-18ء ، 2018-19 ء اور 2019-20ء کو پنجاب اسمبلی میں پیش کرنے کی منظوری دی گئی- اجلاس میں پنجاب کابینہ کے 43 ویں اجلاس کے منٹس کی توثیق کی گئی -اجلاس میں کابینہ سٹینڈنگ کمیٹی برائے فنانس اینڈ ڈویلپمنٹ کے 57 ویں اجلاس کے فیصلوں کی توثیق کی گئی- کابینہ کے اجلاس میںکابینہ سٹینڈنگ کمیٹی برائے قانونی امور کے 56 ویں،57 ویں، 58 ویں اور 59 ویں اجلاسوں کے فیصلوں کی توثیق کی گئی-صوبائی وزرائ،مشیران، معاونین خصوصی،چیف سیکرٹری اوراعلیٰ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں