کراچی(آئی این پی ) سندھ حکومت نے کہا ہے کہ ویکسین نہ لگوانے والے سرکاری ملازم کو جولائی کی تنخواہ نہیں ملے گی، وزیر اعلی مراد علی شاہ نے صوبائی محکمہ خزانہ کو ہدایت جاری کر دی۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ کی زیر صدارت کورونا صوبائی ٹاسک فورس کا اجلاس ہوا جس میں صوبے میں کورونا صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ مراد علی شاہ نے محکمہ خزانہ کو ہدایت کی کہ جو سرکاری ملازم ویکسین نہیں لگوائے گا اس کی جولائی سے تنخواہ بند کی جائے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ بیرون ملک سے کراچی آنے والے 26 ہزار 812 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، 55 افراد کے ٹیسٹ مثبت آئے، 29 مئی کو 4 مسافروں میں انڈین ویرینٹ کی تشخیص ہوئی، ان افراد سے 14 لوگ رابطے میں آئے ان کے بھی ٹیسٹ کئے جا رہے ہیں۔ کورونا صوبائی ٹاسک فورس اجلاس کو بتایا گیا کہ سندھ میں اب تک 15 لاکھ سے زائد افراد کو ویکسین لگائی جاچکی ہے، ضلع شرقی کورونا سے بدستور سب سے زیادہ متاثر ہے، 27 مئی سے 2 جون تک ضلع شرقی میں 21 فیصد نئے کیسز اور 20 اموات ہوئیں، گزشتہ ماہ سندھ میں 392 افراد کورونا سے جاں بحق ہوئے، انتقال کر جانے والوں میں سے 238 وینٹی لیٹرز پر تھے، 73 افراد کا انتقال گھروں پر ہوا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں