وفاقی وزیر اسد عمر نے اسلام آباد میں پہلے نجی مفت کرونا ویکسی نیشن سنٹر کا افتتاح کر دیا

اسلام آباد (آئی ان پی ) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی اسد عمر نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) کے تعاون سے سینٹورس اسلام آباد میں قائم پہلے نجی کرونا ویکسی نیشن سنٹر کا افتتاح کیا جس میں عوام کو مفت ویکسین لگائی جائے گی۔ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نائب صدر عبد الرحمن خان، ایڈیشنل ڈپٹی کمیشنر اسلام آباد (ایسٹ) بابر صاحب الدین، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر اسلام آباد ڈاکٹر محمد زعیم ضیا ، آئی سی سی آئی کے ایگزیکٹو ممبران اور دیگر افتتاحی تقریب میں موجود تھے۔سینٹورس میں قائم ویکسی نیشن سنٹر تمام مطلوبہ سہولیات سے لیس ہے جن میں ڈاکٹرز اور نرسز، ریکوری رومز اور مردوں و خواتین کیلئے الگ الگ ویکسی نیشن کاؤنٹر شامل ہیں۔ اس سنٹر میں تیس سال کی عمر سے زائد بزنس کمیونٹی کے ممبران، ملازمین، ان کے اہل خانہ اور گاہکوںسمیت روزانہ تقریبا3ہزار سے 4ہزار افراد کو ویکسین لگانے کی گنجائش ہے افتتاحی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی اسد عمرنے کہا کہ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر سردار یاسر الیاس خان کی کوششوں سے سینٹورس میں پہلا نجی ویکسی نیشن سنٹر قائم کیا گیا ہے جو قابل ستائش ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت بڑے پیمانے پر لوگوں کو ویکسین لگانا چاہتی ہے تا کہ کرونا وائرس سے جلد جان چھڑائی جائے اور اس امید کا اظہار کیا کہ یہ ویکسی نیشن ان کوششوں کے حصول میں ایک مثبت پیش رفت ثابت ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے کرونا وائرس کے مضر اثرات کو کم کرنے کیلئے رواں سال کے آخر تک کم از کم 7کروڑ افراد کو ویکسین لگانے کا ہدف رکھا ہے جس سے کاروبار پر عائد پابندیاں ختم کرنے کی راہ ہموار ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ مطلوبہ ہدف کو حاصل کرنے کیلئے حکومت اب چیمبرز آف کامرس سمیت سرکاری اور نجی شعبوں کے ساتھ مل کر ویکسی نیشن مہم کو آگے بڑھا نے پر کام کر رہی تاکہ کرونا وائرس پر قابو پا کر کاروباری و اقتصادی سرگرمیوں کو معمول کے مطابق بحال کیا جا سکے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدرسردار یاسر الیاس خان کہا کہ لوگوں کی زیادہ سے زیادہ ویکسی نیشن ہی کرونا سے باہر نکلنے کا واحد راستہ ہے لہذا انہوں نے حکومت کی طرف سے نجی شعبے کے ساتھ مل کر ویکسی نیشن مہم کو فروغ دینے کی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ آئی سی سی آئی نے اسی لئے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفس اسلام آباد کے تعاون سے سینٹورس اسلام آباد میں پہلا نجی ویکسی نیشن سنٹر قائم کیا ہے تا کہ حکومت کی ویکسی نیشن مہم کو مزید آگے بڑھایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ سینٹورس میں روزانہ ہزاروں افراد شاپنگ کیلئے آتے اور یہاں ویکسی نیشن سینٹر کی سہولت سے ان کو ویکسین لگوانے میں مزید آسانی ہو گی۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ آئی سی سی آئی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفس اسلام آباد اور این سی او سی کے تعاون سے اسلام آباد کی اہم مارکیٹوں اور صنعتی علاقوں میں ویکسی نیشن سنٹرز قائم کرنے کی کوشش کرے گا تاکہ جلد وفاقی دارالحکومت میں کرونا وائرس پر قابو پر قابو پر کر صنعتی و تجارتی سرگرمیوں کو معمول کے مطابق بحال کیا جا سکے۔ سردار یاسر الیاس خان نے کہا کہ اسلام آباد میں کرونا کیسوں کی تعداد سب سے کم ہے لہذا انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت دارالحکومت میں ہفتے میں 2دن کاروبار کی بندش ختم کرے اور گرمیوں کے موسم میں کاروباری اوقات کو رات 12بجے تک بڑھایا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ کاروباری اوقات میں اضافے سے مارکیٹوں میں رش کم ہو گا جس سے کورونا وائرس کے پھیلاؤ پر قابو پایا جا سکے گا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close