لاہور(آئی این پی)پنجاب میں موٹر وہیکل کی خریداری کیلئے بائیو میٹرک سسٹم جبکہ 5سال پرانی گاڑیوں کیلئے روڈ فٹنس سرٹیفکیٹ حاصل کرنا لازمی قرار دیدیا گیا ہے،پنجاب کابینہ اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے وزیراعلی کی معاون خصوصی اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ کابینہ نے موٹر وہیکل آرڈیننس میں ترمیم کی منظوری دی۔ اب موٹر وہیکل کی خریداری کیلئے بائیو میٹرک سسٹم لاگو ہو گا جبکہ 5سال پرانی گاڑیوں کیلئے روڈ فٹنس سرٹیفکیٹ لازم ہوگا،انہوں نے کہا کہ پنجاب کابینہ نے ملازمین کو خصوصی الائونس دینے کی منظوری دے دی۔ گریڈ 1سے 19تک کے ملازمین کو خصوصی الائونس دیا جائے گا۔ کابینہ نے سرکاری ملازمین کے دکھوں کا مداوا کیا ہے۔ یکم جون سے 25فیصد خصوصی الائونس دیا جائے گا،معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ دسمبر2021تک پنجاب بھرمیں ہیلتھ کارڈ میسرہوگا۔ وراثتی سرٹیفکیٹ کا اجرا نادرا سینٹرز کے ساتھ جوڑ دیا گیا ہے،انہوں نے کہا کہ پنجاب کابینہ میں سندھ کی جانب سے پانی پر کی جانے والی سیاست پر گفتگو ہوئی۔ سندھ حکومت پانی پرسیاست کررہی ہے۔پنجاب بڑا بھائی ہے اور سندھ کی معاونت کرتا رہے گا۔وزیراعلی عثمان بزدار نے ہدایت کی ہے کہ سندھ کو پہلے کی طرح پانی کی فراہمی جاری رکھا جائے،معاون خصوصی نے کہا کہ شہباز شریف کی پریشانی ہے کہ وہ معیشت کو تباہ کر کے گئے تھے۔ وہ پریشان ہیں کہ عمران خان نے معیشت کو کیسے سنبھال لیا۔ مسلم لیگ ن مقروض صوبہ چھوڑکرگئی تھی۔ ن لیگ کو تکلیف ہے معاشی اشاریے کیسے بہترہوگئے،فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ اب ش اور ن کا میچ ہوگا۔ چچا اور بھتیجی کے درمیان میچ کھیلا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ڈیموکریٹک مومنٹ مردہ گھوڑا ہے جس میں جان ڈالنے کی کوشش کر رہی ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں