فواد چوہدری کا اپوزیشن کو کنفیوز ہونے کا طعنہ

اسلام آباد(آن لائن) وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ اپوزیشن ہر معاملے میں کنفیوژن کا شکار ہے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنی ٹویٹ میں وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ اپوزیشن ہر معاملے پر کنفیوژن کا شکار ہے، ایک طرف کہتے ہیں، بجٹ منظور نہیں ہونے دیں گے اور دوسری طرف بجٹ پر سیمینار منعقد ہو رہے ہیں۔ انہو ںنے کہا کہ اگر اپوزیشن پارلیمان میں آئے اور انتخابی اصلاحات سمیت اپنی آئینی ذمہ داریاں پوری کرے تو یہ خوش آئند ہوگا، ہم اپوزیشن کی قابل عمل تجاویز پر ضرور غور کریں گے۔۔۔۔۔

وہ وقت بھی آسکتا ہے کہ جب ہم کچھ نہیں کرسکیں گے، وزیر اعظم عمران خان نے خبردار کر دیا

اسلام آباد ( آن لائن )وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ اگر ہم نے آج سے دنیا کے تحفظ کے لیے کوششیں نہیں کیں تو وہ وقت بھی آسکتا ہے کہ جب ہم کچھ نہیں کرسکیں گے، ماحولیات کی بہتری آئندہ نسلوں کیلئے ناگزیر ہے، گلوبل وارمنگ سے بچاؤ کیلئے ہر کسی کو کردار ادا کرنا ہوگا،10 ارب درخت لگانے کا ہدف عبور کرنا ضروری ہے۔ موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے گرین فنانسنگ اسکیم کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم بانڈز وغیرہ کے اجرا سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں لیکن پاکستان کو اس بات کی ضرورت ہے کہ ہم 10 ارب درخت لگانے کے ہدف تک پہنچیں کیوں کہ ہمیں اپنے آنی والی نسلوں کا مستقبل محفوظ کرنا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ہمیں پاکستان کو گلوبل وارمنگ کے ا ثرات سے بچانے کے لیے اپنی ہر ممکن کوشش کرنی ہے کیوں کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں سے سب زیادہ متاثر ہونے والے دنیا کے 10 ممالک میں شامل ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ اس کے لیے بہت ضروری ہے کہ نیشنل پارکس میں اضافہ کیا جائے، درخت لگائے جائیں، اربن فاریسٹری کریں، صحراؤں کے پھیلنے کو روکنے کے لیے درخت لگانے کی جاپانی تکنیک وغیرہ استعمال کرنی ہوں گی متعدد ممالک اس سلسلے میں خاصہ آگے نکل چکے ہیں بالخصوص چین نے حال ہی میں اس سلسلے میں بہت کام کیا ہے، چین میں ایک پورا شہر بنایا گیا ہے جو گرین سٹی ہے اور وہاں ہر چیز ماحول دوست ہے۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اس سب میں پاکستان کا سب سے بڑا یہ فائدہ ہے کہ ہم ان نئی نئی تکنیکوں سے سیکھ سکتے ہیں ہم نے اللہ کی دی ہوئی نعمتوں کی پرواہ نہیں کی لیکن پاکستان کے مستقبل کے لیے اب یہ وقت ہے کہ ہم اس پر زور لگائیں۔ گزشتہ 20 سال کے عرصے میں پاکستان میں مینگروز کے جنگلات میں اضافہ ہوا ہے حالانکہ گزشتہ 70 سال کے عرصے میں ہمارے دیگر جنگلات تباہ ہوئے ہیں۔ سال 2013 میں ایک ارب سونامی کے ذریعے خیبرپختونخوا میں پہلی مرتبہ کوشش کی گئی کہ ہم دوبارہ جنگلات کو اگانا شروع کریں اور اللہ کا شکر ہے کہ ملک میں اب اس حوالے سے خاصی آگاہی آگئی اور اسکولوں کے بچوں کو بھی اس بارے میں معلومات ہیں۔ساتھ ہی ان کا کہنا تھا کہ ہمیں اس آگاہی کو مزید بڑھانا ہوگا تا کہ پورا ملک اپنے بچوں، آنے والی نسلوں کی زندگی کی بہتر بنانے کے لیے اس جانب کوششیں کرے۔وزیراعظم نے کہا کہ جس طرح دنیا نے لالچ میں تیزی سے اور مستقبل کے بارے میں سوچے بغیر زمین کا غلط استعمال کیا اس کے اثرات تو ہونے ہی تھی البتہ شکر ہے کہ گزشتہ 10 سال کے عرصے میں اس حوالے سے کافی آگاہی آئی ہے جس میں اضافہ ہوتا جارہا ہے ماحول میں کاربن ڈائی آکسائیڈ گیسز کے اخراج میں پاکستان کا حصہ ایک فیصد سے بھی کم ہے لیکن اس کے باوجود پاکستان وہ ملک ہے جو خطرات کی زد میں ہے حتیٰ کے بنگلہ دیش جسے ساحلی پٹی کی وجہ سے مشکلات کا سامنا ہے لیکن گلیشیئرز پگھلنے کی وجہ سے ہم اس سے بھی زیادہ خطرے کا شکار ہیں۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close