وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سےلیگی رہنما مونس الٰہی کی وفد سمیت وزیراعلیٰ ہائوس میں ملاقات

لاہور(آن لائن) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے پاکستان مسلم لیگ کے رہنما و رکن قومی اسمبلی مونس الٰہی کی قیادت میں پاکستان مسلم لیگ کے وفد نے وزیراعلیٰ ہائوس میں ملاقات کی۔ اس موقع پر باہمی دلچسپی کے امور اور موجودہ سیاسی صورتحال پرتبادلہ خیال کیا گیا۔ پاکستان مسلم لیگ کے وفد میں ایم این اے سالک حسین، صوبائی وزرا حافظ عمار یاسراور محمد رضوان شامل تھے۔ پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ پنجاب بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان معاشی ترقی کی راہ پر گامزن ہو چکا ہے، موجودہ حالات میں انتشار کی سیاست کی کوئی گنجائش نہیں، افراتفری پھیلانے کی کوشش کرنے والے عناصر دشمن کے ایجنڈے پر چل رہے ہیں، مایوسی کا شکار اپوزیشن عوام کو گمراہ نہیں کر سکتی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ ہماری اتحادی جماعت ہے اور اتحادیوں کے ساتھ تعلقات پہلے سے زیادہ مضبوط ہیں یہی وجہ ہے کہ ہمارا پاکستان مسلم لیگ سے بہترین ورکنگ ریلیشن شپ قائم ہے۔ سردار عثمان بزدار نے کہا کہ فیصلہ سازی کے عمل میں مسلم لیگ کو شریک کیا گیا ہے اور ہر ضلع کیلئے علیحدہ ڈویلپمنٹ پیکیج بھی تیار کیا ہے، انشاء اللہ جلد گجرات، منڈی بہاؤالدین، چکوال اور ڈسکہ کا دورہ کروں گا۔ مونس الٰہی نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے ملاقات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو مزید سہولتیں فراہم کرنے کیلئے مل کر کام جاری رکھیں گے اور مل کر عوام کی خدمت کرتے رہیں گے۔ مونس الٰہی نے کہا کہ ہمارا نصب العین صرف عوام کی خدمت ہے، وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی جانب سے ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ پیکیج کا اعلان خوش آئند ہے ہم اس کا خیر مقدم کرتے ہیں۔#

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close