لاہور ( پی این آئی) طلبہ کے احتجاج کے باوجود پنجاب میں آن لائن امتحانات کا امکان مسترد کردیا گیا ، وزیرتعلیم پنجاب مراد راس نے واضح کہہ دیا ہے کہ پنجاب میں امتحانات منسوخ نہیں ہوں گے۔ تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی چینل کے ایک پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس بار جتنے مرضی ٹرينڈز بنيں یا سليبرٹيزآجائيں لیکن امتحانات منسوخ نہيں ہوں گے کیوں کہ بچوں کا پہلے ہی بہت نقصان ہوچکا ہے۔ایک سوال کے جواب میں وزیرتعلیم پنجاب مراد راس نے کہا کہ اس ہفتے تمام صوبائی وزراء کا اجلاس ہے اور جس ميں آئندہ کا لائحہ عمل طے کيا جائے گا، جس میں میری يہ تجويز ہوگی کہ کچھ مضامين کم کرديے جائيں تاہم آن لائن امتحانات کا مطلب نقل ہے۔دوسری جانب فیض آباد میں امتحانات کے خلاف سراپا احتجاج طلبا نے معصوم شہری کو تشدد کا نشانہ بنا ڈالا ، مشتعل طلبا کی جانب سے شہری کی گاڑی کو پتھروں اور ڈنڈوں کے ذریعے تباہ کرنے کی ویڈیو سامنے آ گئی ، تفصیلات کے مطابق فیض آباد میں طلبا سال بھر آن لائن کلاسز ہونے کے بعد حکومت کی جانب سے آن لائن امتحانات نہ لینے کے فیصلے کے بعد سراپا احتجاج تھے، بعض مشتعل طلبا نے مقامی دکانوں کو بھی نقصان پہنچایا، جب کہ طلبا کے ایک گروہ کی جانب سے ایک معصوم شہری کو بھی تشدد کا نشانہ بنا دیا گیا ، جو احتجاج کے دوران سڑک بند ہونے کے باوجود اپنی منزل کی جانب گامزن تھا کہ طلبا نے راستہ روک دیا ، گاڑی نہ روکنے پر طلبا نے شہری کو گاڑی سے نکال کر تشدد کا نشانہ بنا ڈالا اور گاڑی پر پتھروں کی برسات کر دی ، ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ طلبا گاڑی کے دروازے اکھاڑنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں