معیشت کی بربادی کے بعد معاشی غلط بیانی قوم کے مستقبل سے کھیلنے کے مترادف ہے، شہباز شریف

لاہور(آئی این پی) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے کہا ہے کہ معیشت کی بربادی کے بعد معاشی غلط بیانی قوم کے مستقبل سے کھیلنے کے مترادف ہے، اولین کوشش ہے کہ عوام دشمن بجٹ کسی قیمت پر منظورنہ ہونے دیا جائے ، ہم نے آج تک قوم کو جو بھی بتایا ہے، وہ سچ ثابت ہوا ہے، شہباز شریف نے ان خیالات کا اظہار اتوار کو پارٹی کی اکنامک ایڈوائزری کونسل کے ورچوئل اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ، پارٹی صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف کی زیر صدارت منعقد اجلاس میں سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی، احسن اقبال، مفتاح اسماعیل، مشاہد حسین سید، محمد زبیر بھی شریک تھے ،خرم دستیگر خان ،مریم اورنگزیب ، قیصر احمد شیخ، عائشہ غوث پاشا، مصدق ملک، عطا اللہ تارڑ، شزا خواجہ، علی پرویز اور بلال اظہر کیانی بھی شریک ہوئے ، جبکہ اسحاق ڈار نے بھی اجلاس میںشرکت کی،اجلاس میں ملک کی مجموعی معاشی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیاگیا، اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ حکومت کے پیش کردہ معاشی اعدادوشمار ناقابل اعتبار اور قوم سے صریح دھوکہ ہیں،معیشت کی بربادی کے بعد معاشی غلط بیانی قوم کے مستقبل سے کھیلنے کے مترادف ہے، شہبازشریف نے مسلم لیگ (ن)کے 3 جون کو پری بجٹ سیمینار کے حوالے سے حکمت عملی پر مشاورت اکنامک ایڈوائزری کونسل موجودہ حالات میں عوامی مفادات کے تحفظ کے لئے تجاویز پیش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو آگاہ کرنا ضروری ہے کہ کس طرح معاشی تباہی ملک پر مسلط کی جارہی ہے، ہم نے قوم کو سچائی بیان کرنی ہے تاکہ تاریخ میں گواہی رہے اور کل کوئی بہانہ نہ بناسکے، اولین کوشش ہے کہ عوام دشمن بجٹ کسی قیمت پر منظورنہ ہونے دیا جائے ، ہم نے آج تک قوم کو جو بھی بتایا ہے، وہ سچ ثابت ہوا ہے، اجلاس کے دوران سابق وزرائے خزانہ نے ملک کے معاشی حقائق کے بارے میں بریفنگ دی اجلاس میں بجٹ کے موقع پر عوامی مفادات کے تحفظ کے لئے سفارشات پر بھی غور ہوا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close