کویت سٹی(آئی این پی) کویت نے 10سال بعد پاکستانی شہریوں کے لئے ورکرز ویزا بحال کر دیا، تفصیلات کے مطابق اتوار کووزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کویت کے وزیراعظم شیخ صباح خالدالحامدالصباح سے ملاقات کی ، ملاقات کے دوران پاک کویت دوطرفہ تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو کی گئی ، کویتی وزیر اعظم ا وروزیر داخلہ شیخ رشید احمد ملاقات میں اہم فیصلے کئے گئے ،وزیر داخلہ شیخ رشید نے کویتی وزیر اعظم کو وزیر اعظم عمران کا خصوصی مراسلہ بھی پیش کیا، ملاقات کے دوران پاکستانی ورکرز کو معاہدے کے مطابق کویتی ویزا جاری کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا، جس کے تحت میڈیکل اور آئل فیلڈ میں ٹیکنیکل ویزا پر کوئی پابندی نہیں ہوگی، فیصلے کے تحت خلیجی ممالک میں رہنے والے پاکستانی آن لائن ویزا لے کر اب کویت آسکیں گے، اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کویتی وزیر اعظم شیخ صباح خالدالحامدالصباح نے کہا کہ پاکستان اور کویت کے درمیان تعلقات سات دہائیوں پر محیط ہیں،پاکستان اور کویت کے عوام کے درمیان پیار اور اعتماد کا رشتہ ہے،پاکستان اور کویت کے درمیان تعلقات انتہائی دیرینہ ہیں، وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کویتی وزیر اعظم سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعلقات کی بنیاد باہمی بھائی چارہ اور محبت ہے،تمام پاکستانی کویت کو اپنا دوسرا گھرسمجھتے ہیں،پاکستانی خاندانوں اور کاروباری طبقے کو کویتی ویزا بندش سے بے پناہ مسائل درپیش تھے،شیخ رشید نے کہا کہ پاکستانی لیبر کا کویت کی اولین ترقی میں بہت اہم کردار ہے،انہوں نے پاکستانیوں کے لئے ویزا سروس کی بحالی پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ورکرز ویزا بحال ہونے سے پاکستانیوں کے لئے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہونگے،کاروباری ویزا بحالی سے دونوں ملکوں کے درمیان تجارت بڑھے گی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں