پشاور(آن لائن)وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان نے اچانک چھاپوں کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے ہفتے کے روز پھر سے بھیس بدل کر بغیر کسی پروٹوکول فقیر آباد اور خزانہ پولیس اسٹیشنز پہنچ گئے۔ وزیر اعلی نے ان تھانوں کے روزنامچہ رجسٹرز سمیت دیگر ریکارڈ چیک کیااور حوالاتیوں سے ملاقات کرکے ان سے پولیس کے برتاو کے بارے میں معلومات حاصل کی۔وزیر اعلی نے خزانہ پولیس اسٹیشن میں سی سی ٹی وی کیمروں کی خرابی اور صفائی کی ناقص صورتحال پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے تھانے کے انچارج کو سی سی ٹی وی کیمروں کو فوری طور پر فعال بنانے اور صفائی کی صورتحال کو فوری بہتر بنانے کے لئے ضروری اقدامات کی ہدایت کرتے ہوئے اس سلسلے میں رپورٹ بھی طلب کر لی۔وزیراعلی نے تھانہ فقیر آباد میں بہتر انتظامات اور ریکارڈ منظم انداز میں رکھنے پر عملے کو شاباش دی۔ وزیراعلیٰ نے ان تھانوں میں موجود سائلین سے بھی ملے اور اُن سے اُن کے مسائل اور پولیس کے رویے کے بارے میں دریافت کیا اور تھانوں کے عملے کو تھانوں میں آنے والے بزرگ شہریوں اور خواتین کا خاص خیال رکھنے کی تاکید کی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلی نے کہا کہ موجودہ حکومت تھانوں کو صحیح معنوں میں عام آدمی کی داد رسی اور انصاف کے مراکز میں تبدیل کرنے کیلئے اقدامات کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس عوام کے جان و مال کے تحفظ کی ضامن ہے اور عوام کا اعتماد مکمل طور پر بحال کرنے کے لئے پولیس کو اپنی کارکردگی مزید بہتر کرنی ہوگی۔ وزیراعلیٰ کا مزید کہنا تھا کہ وہ تمام محکموں اور عوامی خدمات کے اداروں کے اچانک دوروں کا سلسلہ جاری رکھیں گے اور عوام کو خدمات کی فراہمی میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کریں گے۔#/s#
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں