رواں سال کتنے پاکستانیوں کو حج کی اجازت دی جائیگی؟ حکومت نے واضح اعلان کر دیا

اسلام آباد (پی این آئی) پاکستان کے وفاقی وزیرِ برائے مذہبی امور پیر نور الحق قادری نے کہاہے کہ رواں سال حج کے حوالے سے سعودی عرب نے تاحال واضح پالیسی کا اعلان نہیں کیا، البتہ حکومت محدود تعداد میں عازمین کو حج کے لیے بھیجنے کے انتظامات کی تیاری کر سکتی ہے۔امریکی نشریاتی ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ وزارتِ خارجہ اور وزارتِ مذہبی امور پاکستان میں لگائی جانے والی چین کی ویکسین کی منظوری کے معاملے پر ریاض سے بات چیت کر رہے ہیں اور وہ پر امید ہیں کہ حج پالیسی کے اعلان سے قبل یہ معاملہ طے پا جائے گا۔تحریکِ لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کو کالعدم قرار دیے جانے کے فیصلے پر نظرِ ثانی کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کوئی حکومت ایک بڑی جماعت پر پابندی لگا کر دیوار سے لگانا نہیں چاہے گی اور تحریکِ لبیک کو چاہیے کہ وہ پابندی پر نظرِ ثانی کا اپنا مقدمہ مثبت انداز میں پیش کرے۔اسلامی نظریاتی کونسل کی جانب سے بہتر معاشرے کی تشکیل کے لیے مساجد میں خطبہ جمعہ کے لیے موضوعات کے انتخاب پر گفتگو کرتے ہوئے نور الحق قادری نے کہا کہ پاکستان میں ممبر و محراب کو جو آزادی حاصل ہے کسی اور اسلامی ملک میں اس کی مثال نہیں ملتی۔ ان کے مطابق حکومت اس آزادی کو سلب یا محدود کرنے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close