حکومت کے تین سال کامیابی سے گزرنے کے باوجود اپوزیشن ’’میں نہ مانوں‘‘ کے فارمولے پر عمل پیرا ہے،فیاض الحسن چوہان

لاہور (آن لائن) وزیر جیل خانہ جات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم )کے سربراہان کے اجلاس کے بعد میڈیا ٹاک پر اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ موجودہ حکومت کے اقتدار کے تقریباً تین سال کامیابی سے پورے کینے کے باوجود اپوزیشن ”میں نہ مانوں” کے فارمولے پر عمل پیرا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈھائی پارٹیوں پر مشتمل پی ڈی ایم پیپلز پارٹی اور اے این پی کی واپسی کے خواب دیکھنا چھوڑ دے۔ اپنی اپنی انا کی رسی کو تھامے اپوزیشن جماعتوں نے تفرقے میں پڑ کر ایک بار پھر ثابت کر دیا کہ یہ سب صرف اپنے مفادات کی خاطر ایک دوسرے کو برداشت کر رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کے استعمال کو قبل از انتخابات دھاندلی کا نام دینے والے شاید آئندہ انتخابات میں اپنے دھاندلی پر پردہ ڈالنا چاہ رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پوری دنیا پاکستان کی پائیدار اور روز بروز مستحکم ہوتی معیشت اور شرح نمو کی تعریف کر رہی ہے جبکہ ”ساون کی اندھی” اپوزیشن کو صرف اپنے دور اقتدار کی طرح منفی سیاست ہی سوجھتی ہے#/s#

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close