لاہور (آن لائن)نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کی گائیڈ لائینز کی روشنی میں پنجاب حکومت نے پانچ فیصد سے کم مثبت شرح والے اضلاع میں ایس او پیز کے تحت تفریحی پارکس کھولنے اور واٹر سپورٹس کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ فیصلہ صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد کی زیر صدارت کورونا وباء کی صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے سول سیکرٹریٹ میں منعقد اجلاس میں کیا گیا۔اجلاس میں چیف سیکرٹری پنجاب، ایڈیشنل چیف سیکرٹری ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، محکمہ صحت کے سیکرٹریز، کمشنرلاہور ، اوراعلیٰ سول و عسکری حکام شریک ہوئے۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ کورونا وائرس پر قابو پانے کیلئے قلیل مدتی اقدامات کے ساتھ ساتھ وسط اور طویل مدتی منصوبہ بندی بھی کرنی ہوگی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ مختلف شعبوں سے متعلق پورے سال کا پلان مرتب کر نے کیلئے متعلقہ انتظامی افسران اور ماہرین پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میںویکسینیشن کا عمل تیزی سے جاری ہے اور روزانہ تقریبا ڈیڑھ لاکھ سے زائد افراد کو ویکسیئن لگائی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ صوبے میں سات جون سے سرکاری سکول کھولے جا رہے ہیںاس لئے چار لاکھ اساتذہ کی ترجیحی ویکسی نیشن کی جائے گی۔چیف سیکرٹری پنجاب نے کہا کہ شاپنگ مالز میں فوڈ کورٹس کو بھی ایس او پیز کے تحت کھولنے کی اجازت دی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ وباء کی موجودہ صورتحال کو مد نظر رکھتے ہوئے پابندیوں میں نرمی کی گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ شہری ماسک پہننے، سماجی فاصلہ رکھنے اور دیگر احتیاطی تدابیر کو اپنی زندگی کا معمول بنا لیں۔ سیکرٹری پرائمری ہیلتھ سارہ اسلم اور سیکرٹری سپیشلائز ڈ ہیلتھ کیئرنبیل اعوان نے اجلاس کو تفصیلی بریفنگ دی۔ محکمہ داخلہ کے حکام نے اجلاس کو بتایا کہ صوبے میں ایس او پیز پر عملدرآمد کیلئے مارکیٹوں، بس اڈوں ، ریسٹورنٹس اور میرج ہالز کی انسپکشنز کی جا رہی ہیں اور گزشتہ روز خلاف ورزی پر 16ریسٹورنٹس اور پانچ میرج ہالز کو سیل کیا گیا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں