اسلام آباد(پی این آئی )سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ مفاہمت یک طرفہ نہیں ہوتی مفاہمت ان سے نہیں ہوتی جو الیکشن چوری کرے جو آئین توڑے،شہبازشریف اگر اداروں سے مشاورت کی بات کررہے ہیں تو یہ نہیں ہوسکتا۔نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ مشاورت اگر ہوگی تو وہ نوازشریف ،شہباز شریف یا میں نہیں ، پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم سے ہوگی۔پیپلزپارٹی ہمارے لیے کلوز ایشو ہے،اگر وہ اعتماد بحال کریں تو بات ہوسکتی ہے۔آج پیپلزپارٹی اور اے این پی کے حوالے سے کوئی بات نہیں ہوئی۔آج کشمیر،افغانستان، الیکڑانک ووٹنگ مشینوں، صحافیوں پر حملے سمیت دیگر ایشوز پر بات ہوئی۔پی ڈی ایم کسی جماعت یا صوبے کی حکومت کے ساتھ نہیں ایک بیانیے پر کھڑی ہے۔ ہم کوئی الیکشن لڑنے نہیں جارہے بلکہ ایک تحریک چلارہے ہیں۔پیپلزپارٹی کے ساتھ دوستیاں بھی ہیں۔مجھے پی ڈی ایم نے جو ذمہ داری دی ہے میں اس کو نبھا رہا ہوں۔اختلاف رائے پی ڈی ایم میں پہلے دن سے موجود ہے،پیپلزپارٹی سے وضاحت طلب کی گئی ہے کہ جو بات لیڈر آف اپوزیشن کے حوالے سے طے پائی اس پر عمل کیوں نہیں ہوا؟پیپلزپارٹی نے حکومتی بینچ سے پانچ لوگوں کو اٹھایا اور اپنا لیڈر آف اپوزیشن بنالیا،ہم اس بات کی وضاحت طلب کررہے ہیں۔اب تک ہمیں میڈیا سے جواب دیا جارہا ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں