اسلام آباد (پی این آئی )وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے اعلان کیا ہے کہ میٹرک اور انٹر کے امتحانات 23 جون سے 29 جولائی تک ہوں گے، امتحانات سے قبل صوبے 31 مئی سے کلاسز شروع کرسکتے ہیں۔تفصیلات کے مطابق نیشنل کمانڈ اینڈ کنڑول سینٹر (این سی او سی) کا ملک میں کورونا کی صورتحال کے حوالے سے اجلاس ہوا۔جس میں اہم فیصلے کیے گئے۔این سی او سی نے اساتذہ اور تعلیمی اداروں کےعملے کےلیے ویکسینیشن لازمی قرار دے دی ہے، اساتذہ اور تعلیمی اداروں کا عملہ کورونا ویکسینیشن 10 جون تک مکمل کروانے کا کہا گیا ہے۔ اساتذہ اور18 سال سےزائد عمرکےتعلیمی اسٹاف کےلیے واک ان ویکسینیشن کھول دی گئی، وہ قریبی مرکز صحت جائیں اور ویکسین لگوالیں۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے سندھ میں کورونا کے بڑھتے کیسز پر تشویش کا اظہار کیا۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ متحدہ عرب امارات سے آنےو الےمسافروں کےصرف مجاز لیباریٹریز سے کرائے گئے ٹیسٹ قابل قبول ہوں گے۔ غیرمجاز لیبارٹریز کے ٹیسٹ والےمسافر کو بٹھانے پر ائیرلائن کو جرمانہ کیا جائے گا۔ پاکستان پہنچنے پر مسافروں کا دوبارہ کورونا ٹیسٹ ہوگا۔ ٹیسٹ مثبت آنے پر متاثرہ شخص کو قرنطینہ میں بھیجا جائے گا۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ 50 سال سے زائد عمر کے کسی بھی سیاح کو ویکسینیشن سرٹیفیکیٹ کے بغیر ہوٹل میں رہنے کی اجازت نہیں ہوگی،30 سال یا اس سے زائد عمرکے سیاحوں کےلیے بھی ہوٹل میں قیام کےلیے ویکسینیشن سرٹیفکیٹ لازمی قرار دیا گیا ہے۔این سی او سی نے کورونا کے کم شرح والے اضلاع میں پارک، واٹرپارک، سوئمنگ پولز کھولنےکی اجازت دے دی ہے، پارکس میں مجموعی صلاحیت کے 50 فیصد تک لوگوں کو آنےکی اجازت ہو گی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں