جہانگیر ترین کے خلاف سازشی عناصر متحرک، جہانگیرترین کے حامی بھی کھل کر میدان میں آگئے

لاہور (پی این آئی) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین کے خلاف سازشی عناصر متحرک ہو گئے،جہانگیر ترین کی گرفتاری کا امکان پیدا ہو گیا ہے۔ایسے میں جہانگیر ترین ہم خیال گروپ نے ان کی گرفتاری کی قیاس آرائیوں پر اظہار تشویش کیا ہے،اور بھرپور جوابی حملے کی دھمکی بھی دی ہے۔ذرائع کے مطابق سازشی عناصر جہانگیر ترین اور ان کے بیٹے کو گرفتار کرنے کے لیے اثرورسوخ استعمال کر سکتے ہیں۔وہ حکومتی حلقوں میں تجویز دے رہے ہیں کہ اگر انہیں گرفتار کرلیا جائے تو نہ صرف حکومتی ساکھ بہتر اور احتساب کا نعرہ سچ ہو گا بلکہ مہنگائی سمیت دیگر مسائل سے توجہ ہٹائی جاسکے گی۔دوسری جانب جہانگیرترین کو وزیراعظم کی طرف سے انصاف کی یقین دہانی پر اعتماد ہے۔انہوں نے رعایت نہیں مانگی، ان کا مطالبہ ہے کہ تحقیقات شفاف ہونی چاہیے۔اس ضمن میں ترین گروپ کے سینئر ارکان کی ملاقات آج متوقع ہے۔ان کا موقف ہے کہ جہانگیر ترین تمام مقدموں کا سامنا کر رہے ہیں، کسی سازش کے تحت انہیں گرفتار کیا گیا تو گروپ خاموش نہیں رہے گا۔دوسری جانب تحقیقاتی ٹیم کی سربراہی پھر ڈائریکٹر ایف آئی اے ڈاکٹر رضوان کے سپرد کر دی گئی ہے۔ جہانگیر ترین کے خلاف مقدمات کی تحقیقات کی کارکردگی رپورٹ تیار کرلی گئی ہے۔ شہزاد اکبر کی ایف آئی اے آمد کے بعد سے انویسٹی گیشن میں تیزی واقع ہوگئی ہے۔جہانگیر ترین کمپنی کے اکاؤنٹس کا فرانزک آڈٹ رپورٹ کے ساتھ لگا دیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ وزیراعظم کے معاون خصوصہ شہزاد اکبر نے ایف آئی اے کا دورہ کیا تھا۔ شہزاد اکبر نے جہانگیر ترین کے خلاف کیسز میں تحقیقاتی ٹیم کو وزیراعظم کا پیغام دیا۔ جہانگیر ترین کے خلاف کیسز کی تحقیقاتی بغیر کسی دباؤ کے مکمل کی جائیں،جہانگیر ترین کے خلاف کیسز کی تحقیقات پر ڈائریکٹر ایف آئی اے ڈاکٹر رضوان نے شہزاد اکبر کو بریف کیا تھا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close