کراچی(آئی این پی)سندھ میں کلاس نہم تا انٹر تک کے طلبہ کو آن لائن ایجوکیشن اور امتحانات کی تیاری کی سہولیات فراہم کرنے کے لیے نئی ایپ متعارف کرائی گئی ہے۔صوبائی وزیر تعلیم سعید غنی نے کہا ہے کہ سندھ واحد صوبہ ہے جس نے کورونا وبا میں آن لائن تعلیم کے آسان حصول کے لیے تمام ممکنہ ذرائع کا استعمال کیا ہے، چاہتے ہیں کہ نون نامی ایپ میں طلبہ کو اردو اور سندھی زبان میں بھی ہدایات فراہم ہوسکیں۔محکمہ تعلیم میں اجلاس کے دوران انہوں نے کہا کہ نون نامی تعلیمی موبائل ایپ کے ذریعے کلاس نہم تا انٹر تک کے طلبہ کو آن لائن ایجوکیشن اور امتحانات کی تیار ی کی سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔ اس ایپ سے اس وقت ملک بھر میں دس لاکھ جبکہ صوبہ سندھ میں اڑھائی لاکھ بچے رجسٹرڈ ہوچکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ اس موبائل ایپ میں رجسٹرڈ ہونے کے لیے لنک سندھ ایجوکیشن اینڈ لٹریسی ڈپارٹمنٹ کے تحت ہو۔وزیر تعلیم نے کہا کہ جس طرح محکمہ تعلیم سندھ نے مائیکرو سوفٹ کے تعاون سے طلبہ اور اساتذہ کو آن بورڈ لیا ہے ہم دیگر ذرائع کو بھی استعمال کریں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں