اساتذہ اور تعلیمی اداروں کے دیگر عملے کی ویکسینیشن کرنےکا فیصلہ

پشاور(آن لائن)خیبرپختونخوا کے محکمہ صحت نے ٹیچرز، لیکچررز اور پروفیسرز کی کورونا سے بچاؤ کی ویکسینیشن ترجیحی بنیادوں پر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلے میں این سی او سی کی جانب سے صوبے میں اساتذہ اور تعلیمی اداروں میں تعینات دیگر عملے کی ویکسینیشن 5 جون سے قبل کرنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔ ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروسز خیبرپختونخوا کے دفتر سے متعلقہ حکام کو جاری پیغام میں کہا گیا ہے کہ 29 مئی سے سرکاری و نجی شعبہ سے منسلک اساتذہ اور سرکاری و نجی یونیورسٹیوں، کالجز اور اسکولوں میں تعینات دیگر عملے کی واک ان طریقہ کار کے تحت ویکسینیشن کی جائے گی۔ ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروسز ڈاکٹر نیاز محمد کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ اساتذہ کی ترجیحی بنیادوں پر کورونا سے بچاؤ کی ویکسینیشن کے لیے انتظامات کے لیے تمام متعلقہ افسران، ہسپتالوں اور ماس ویکسینیشن سینٹرز کو آگاہ کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری و نجی تعلیمی اداروں کے اساتذہ قومی شناختی کارڈ اور جاب سرٹیفکیٹ کے ہمراہ ویکسینیشن سینٹرز تشریف لائیں۔ ڈاکٹر نیاز محمد نے کہا کہ کوائف کی موقع پر تصدیق کے بعد ویکسین لگا دی جائے گی۔ صوبے بھر میں ویکسینیشن سینٹرز صبح 8 بجے سے رات 8 بجے تک کھلے ہوتے ہیں

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں