حکومت پاکستان نے عازمین حج کو بکنگ کروانے سے روک دیا، وجہ بھی بتا دی

اسلام آباد (پی این آئی) حکومت نے حج ادا کرنے کے خواہش مند پاکستانیوں کو حج بکنگ کروانے سے روک دیا۔ تفصیلات کے مطابق وزارت مذہبی امور کی جانب سے رواں سال حج ادا کرنے کے خواہش مند پاکستانیوں کیلئے خصوصی پیغام جاری کیا گیا ہے۔ حج ادا کرنے کے خواہش مند پاکستانیوں کو کو فی الحال حج بکنگ نہ کروانے کی تلقین کی گئی ہے۔وزارت مذہبی امور کے مطابق سعودی حکومت نے ابھی تک کسی بھی ملک کو حج 2021 کا کوٹہ جاری نہیں کیا۔ سعودی حکومت کی جانب سے پاکستان کو حج کوٹہ دیے جانے کے بعد ہی حج پالیسی 2021 کا اعلان کیا جائے گا- حج کی اجازت ملنے کے بعد وزارت مذہبی امور کی جانب سے رجسٹرڈ اور کوٹہ ہولڈر حج کمپنیوں کی حتمی فہرست ویب سائٹ پرآویزاں کی جائے گی، اس کے بعد حج ادا کرنے کے خواہش مند افراد حج بکنگ کروائیں۔وزارت مذہبی امور نے واضح کیا ہے کہ سرکاری اعلان سے قبل کسی بھی شخص یا کمپنی کی جانب سے حج بکنگ غیر قانونی تصور ہو گی۔ دوسری جانب وفاقی وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے کہا ہے کہ چینی ویکسین کو امریکن میڈیکل ایسوسی ایشن نے 73 فیصد موثر قرار دے دیا ہے، اس لیے رواں برس چینی ویکسین کی وجہ سے عازمین حج ، حج سے محروم نہیں رہیں گے۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے اس حوالے سے سعودی عرب سے رابطہ کرلیا ہے اور بہت جلد عوام کو خوشخبری سنائیں گے۔علی محمد خان کا کہنا ہے کہ 3.2 ملین افراد کو ویکسین کی ایک ڈوز اور 1.5ملین افراد کو مکمل ویکسین لگ گئی۔ کوشش ہے کہ تین سال سے قبل ہم پوری آبادی کی کورونا ویکسی نیشن مکمل کر لیں۔انہوں نے کہا کہ جن افراد کے پاس شناختی کارڈ نہیں ان کی بھی کورونا ویکسی نیشن کرائی جائے گی۔ وزرات صحت اس کا طریقہ کار تلاش کرے گی۔علی محمد خان نے کہا کہ چینی ویکسین پر حج کی اجازت نہ ملنے پر سعودی عرب سے رابطے میں ہیں۔ ہمارا کوئی بھی حاجی چینی ویکسین کی وجہ سے حج سے محروم نہیں رہے گا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں