اسٹیبلشمنٹ سسٹم کا حصہ ہے اور ہمارے بہت اچھے تعلقات ہیں لیکن حکومتی فیصلے کون کرتاہے؟ فواد چوہدری نے اعتراف کر لیا

اسلام آباد (پی این آئی) وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ یہ تاثر بالکل غلط ہے کہ ہرکام فوج کے کہنے پر کیا جاتا ہے، اسٹیبلشمنٹ سسٹم کا حصہ ہے اور ہمارے بہت اچھے تعلقات ہیں لیکن تمام حکومتی فیصلے وزیراعظم عمران خان کرتے ہیں، فوج کے کہنے پر کام کرنے کا تاثر بھارت پھیلاتا ہے۔ انہوں نے غیرملکی میڈیا کو اپنے انٹرویو میں کہا کہ وزیراعظم عمران خان ایٹمی پاکستان کے مقبول ترین سیاسی رہنماء ہیں، پاکستان کے عوام نہ صرف ان کے پرستار ہیں بلکہ الیکشن میں صرف عمران خان کو لاکھوں ووٹ دیے، آئندہ عام انتخابات میں بھی وزیراعظم عمران خان کامیاب ہوں گے۔منتخب حکومت کمزور نہیں ہے، وزیراعظم عمران خان اور کابینہ اجتماعی فیصلے کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اس وقت کووڈ 19 بحران کے باوجود شرح نمو 3.94 فیصد ریکارڈ کی گئی۔ تقریباً 1100 ارب روپے اربن اکانومی سے رورل اکانومی میں منتقل ہوئے ہیں۔ اس سال پاکستان میں چار بمپر فصلیں ہوئیں، کسانوں کی جانب سے بڑی تعداد میں ٹریکٹرز خریدے گئے۔یو این جنرل اسمبلی کے صدر نے وبا سے متعلق پاکستان کے اقدامات کو مثالی قرار دیا۔ فواد چودھری نے کہا کہ ویکسی نیشن میں پاکستان دنیا کے صف اول کے 34 ممالک میں شامل ہے۔ پاکستان میں 55 لاکھ افراد کو ویکسین لگائی جاچکی ہے۔ کورونا سے نمٹنے کیلئے پاکستان کی کامیابی جزوی لاک ڈاوَن کی حکمت عملی ہے۔ دوسری جانب وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا کہ پلاننگ کمیشن نے آئندہ مالی سال کیلئے جی ڈی پی کی شرح نمو 4.8 فیصد رہنے کا تخمینہ لگایا اور میرے اندازے کے مطابق اس میں بڑھنے کی گنجائش موجود ہے، جتنی تیزی سے ویکسینیشن ہوجائے گی ہم جلد ان پابندیوں سے نکل جائیں گے، چاہتے ہیں بڑی عید پر کوئی پابندی نہ ہو، سب مارکیٹیں کھلی ہوں۔انہوں نے کہا کہ میں بتادوں کہ دو سال قبل مجھ سے کسی نے سوال کیا تھا جس پر میں نے بتایا تھا کہ 2 سال بعد نمو آئے گی۔ سالانہ پلان کوآرڈینیشن کمیٹی، جس میں تمام صوبے بھی شامل ہیں نے قومی اقتصادی کونسل کو اس کی منظوری دے دی ہے۔ جی ڈی پی کی 3.94 فیصد نمو اور آئندہ مالی سال کیلئے 4.8 فیصد کے تخمینے کی وجہ یہ ہے کہ ہم توازن کے ساتھ فیصلے کرتے چلے گئے۔ کورونا وبا کے دوران وزیراعظم عمران خان کی جانب سے جس طرح کے فیصلے کیے گئے وہ اسی چیز کی عکاسی کرتے ہیں جیسے کوئی ماں اپنے بچوں کے بارے میں سوچتی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں