طلبا تیاری کریں، وزارت تعلیم نے امتحانات کیلئے اجازت دیدی

اسلام آباد (پی این آئی) وفاقی وزارت تعلیم نے برٹش کونسل کو امتحانات کیلئے این اوسی جاری کردیا، وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا کہ اولیول کے امتحانات 26 جولائی سے6 اگست تک ہوسکیں گے، برٹش کونسل کورونا ایس او پیز کے تحت امتحانات لےگی،جولائی میں امتحانات لینے پر کیمبرج کے شکرگزار ہیں۔ انہوں نے ٹویٹر پر اپنے بیان میں کہا کہ وفاقی وزارت تعلیم نے برٹش کونسل کو امتحانات کیلئے این اوسی جاری کردیا ہے۔جس کے باعث اب اولیول کے خصوصی امتحانات 26 جولائی سے 6 اگست تک ہوسکیں گے۔امتحانات کے بعد ستمبر سے اے لیول ، ایف اے ، ایف ایس سی میں داخلے لے سکیں گے۔ جولائی میں اولیول امتحانات کی مثال ماضی میں نہیں ملتی۔ جولائی میں امتحانات لینے پر کیمبرج کے شکرگزار ہیں۔انہوں نے کہا کہ وبائی امراض نے زندگی کے تمام شعبوں خصوصاً تعلیم کے شعبے میں طلباء کیلئے بےپناہ مشکلات پیدا کی ہیں۔حکومت تعلیمی سرگرمیوں کو جاری رکھنے کے لیے مشکل فیصلے لے رہی ہے۔ ہر فیصلے میں ہمارے نزدیک طلباء کی فلاح وبہبود اور دلچسپی ترجیح ہوتی ہے۔دوسری جانب پنجاب کے تمام سکولوں میں پہلی سے آٹھویں جماعت کے امتحانات 7 جون سے شروع کرکے 25 جون تک مکل کرنے کا تجویز زیرغور ہے۔ اسی طرح امتحانی نتائج کا اعلان 30 جون کو کیا جائےگا، جس کے بعد یکم جولائی سے 31 جولائی تک موسم گرما کی تعطیلات کی جائیں گی اور اگست میں تعلیمی سال کا آغاز کیا جائے گا۔محکمہ تعلیم کی جانب سے تجاویز کو 3 جون کو این سی اوسی اجلاس میں پیش کیا جائے گا۔ این سی او سی کی اجازت کے بعد باقاعدہ اعلان کیا جائے گا۔ دوسری جانب لاہور سمیت صوبے بھر کے سرکاری ونجی سکولوں میں آئندہ ماہ جون میں مرحلہ وار کلاسز کا آغاز کیا جائے گا جبکہ جون میں ہی دسویں تا بارہویں جماعت کے سالانہ امتحانات منعقد کیے جائیں۔ اسی طرح یکم جولائی سے 31 جولائی تک تعلیمی اداروں میں گرمیوں کی چھٹیاں دی جائیں گی۔یکم اگست سے سکولوں میں نئے تعلیمی سیشن کا آغاز کیا جائے۔ 3 جون کو بین الصوبائی وزرا تعلیم کانفرنس ہوگی حتمی فیصلے کیے جائیں گے۔ یاد رہے این سی او سی نے کورونا کے 5 فیصد سے کم والے علاقوں میں تعلیمی ادارے کھولنے کی اجازت دی ہے جبکہ 5 فیصد سے زائد کیسز رکھنے والے علاقوں کے حوالے سے فیصلہ 3 جون کو کیا جائے گا۔اس وقت پنجاب کے جن اضلاع میں اسکول بند ہیں ان میں لاہور، راول پنڈی، فیصل آباد، سرگودھا، گوجرانوالہ، گجرات شامل ہیں۔ان کے علاوہ اٹک، لیہ، اوکاڑہ، بہاولپور، لودھراں، رحیم یارخان، بھکر، خانیوال ،میانوالی میں بھی سکول بند ہیں۔ ٹوبہ ٹیک سنگھ، ڈیرہ غازی خان، خوشاب، ملتان میں بھی تعلیمی ادارے بند ہیں۔ اسی طرح پنجاب بھر میں 7 جون سے مرحلہ وارنجی وسرکاری سکول کھولنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے، وزیرتعلیم پنجاب مراد راس نے کہا کہ پنجاب میں سات جون سے مرحلہ وارنجی وسرکاری سکول کھولنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔ 20اضلاع میں تعلیمی ادارے کھولنے بارے این سی اوسی اجلاس میں مشاورت ہوئی، تعلیمی ادارے کھلنے پر لاہور سمیت باقی ماندہ اضلاع میں 50 فیصد حاضری پر عملدرآمد کیا جائے گا۔حکومتی ایس اوپیز پر عملدرآمد کیا جائے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close