اسلام آباد (آئی این پی )اپوزیشن نے بجٹ کے معاملے پر حکومت کو ٹف ٹائم دینے کا فیصلہ کر لیا ۔ قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے بجٹ سیشن سے متعلق پارٹی اکنامک ایڈوائزری کونسل کو اہم ہدایات جاری کر دی ہیں۔میاں شہباز شریف کا کہنا ہے کہ عوامی مفادات کے منافی بجٹ کی مزاحمت کریں گے۔ عوام دشمن بجٹ منظور نہیں ہونے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو معاشی حقائق میں ہیرا پھیری اور جعلسازی سے متعلق آگاہ کرنا ضروری ہے۔ان کا کہنا تھا کہ معاشی ماہرین پری بجٹ سیمینار میں معیشت کی حقیقت قوم کو بتائیں گے۔ گندم کے غلط اعدادوشمار کی وجہ سے پہلے بھی ملک کو اربوں روپے کا نقصان ہوا، ایک بار پھر ملک کے ساتھ یہ واردات دہرائی جا رہی ہے۔ادھر چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ عمران خان قرض پر ملکی معیشت چلا کر آئندہ نسلوں کیلئے گڑھا کھود رہے ہیں۔ قرضے 21 ارب ڈالر اضافے کے ساتھ 116 ارب ڈالر ہو چکے ہیں۔بلاول بھٹو زرداری نے اپنے بیان میں کہا کہ سخت شرائط پر قرضے آئندہ حکومتوں کیلئے مسائل پیدا کریں گے۔ پاکستان کے فیصلے قرض دینے والے ممالک کو سونپ دئیے گئے ہیں۔ صرف اس سال 35 فیصد اضافے کے ساتھ 10 ارب ڈالر کا قرضہ لیا گیا۔چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ عمران خان کے اقتدار میں آنے کے بعد بیرونی قرضے 95 ارب ڈالر سے بڑھ گئے۔ اپنی نااہلی سے واقف ہونے کے باوجود عمران خان نے صرف اپنی انا کی تسکین کیلئے پاکستان کو معاشی تباہی سے دوچار کر دیا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں