بڑے شہر کے ہسپتال کو سولر سسٹم پر منتقل کرنے کیلئے اقدامات شروع

فیصل آباد(آئی این پی ) فیصل آباد کے سول ہسپتال کے بجلی کے نظام کو سولر سسٹم پر منتقل کرنے کیلئے اقدامات شروع کر دئیے گئے۔ سولر سسٹم انسٹال ہونے سے پورے ہسپتال میں بلاتعطل بجلی کی فراہمی یقینی بن سکے گی۔ 920 کلو واٹ پاور کے سولر سسٹم کے ذریعے ہسپتال کے تمام وارڈز کے 1400 سے زائد پنکھے، ایکسرے، سی ٹی سکین اور الٹرا سانڈ مشینوں سمیت ہر قسم کی مشینری اور لائٹیں جلائی جائیں گی۔ سولر سسٹم کے زریعے بجلی کی کھپت کو کم کرنے کیلئے کم پاور والے پنکھوں اور لائٹوں کی تنصیب بھی کر دی گئی ہے۔ ڈپٹی میڈیکل سپریٹنڈنٹ ڈاکٹر حافظ علی رضا نے کہا کہ سولر سسٹم کی تنصیب سے سالانہ 70 لاکھ روپے سے زائد کی بچت ہوگی۔ پہلے مرحلے میں ایمرجنسی وارڈ کو سولر سسٹم پر منتقل کیا جا رہا ہے بعد ازاں مکمل ہسپتال کو شمسی توانائی پر منتقل کر دیا جائے گا۔شہریوں کا کہنا ہے کہ سولر سسٹم کی تنصیب سے ہونے والی سالانہ بچت کے پیسوں کو اگر مریضوں کی فلاح بہبود پر خرچ کر دیا جائے تو مریضوں کو بہتر طبی سہولیات میسر آسکیں گی۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close