راولپنڈی(آن لائن )حکومت پنجاب کی طرف سے شہریوں کو انکے دروازے پر خدمات کی فراہمی کیلئے “خدمت آپکی دہلیز پر “پروگرام آج سے شروع ہو رہا ہے،تین ہفتوں پر مشتمل اس پروگرام میں پہلا ہفتہ “ہفتہ صفائی”دوسرا ہفتہ”ہفتہ نکاسی آب”اور تیسرا ہفتہ “ہفتہ برائے صفائی ستھرائی سرکاری عمارات”کے طور پر منایا جائیگا،اس پروگرام میں شہریوں کیلئے خصوصی موبائل ایپ تیار کی گئی ہے ،جس کے زریعے وہ صفائی سمیت دیگر مسائل سے متعلق شکایات کا اندراج کر اسکیں گے،جہاں فوری طور پر انکی شکایات کا ازالہ کر کے انکا فیڈ بیک بھی لیا جائیگا،ایم ڈی راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی اویس منظور تارڑ نے “خدمت آپکی دہلیز پر “پروگرام کے حوالے سے راولپنڈی اور اسکی تحصیلوں میں صفائی و آگاہی کی خصوصی مہم چلانے کی ہدایت کر دی ہے،اس پروگرام کے تحت ہفتہ صفائی میں شہر بھر کی بھرپور صفائی کی جائیگی،سڑک کنارے کوڑاکرکٹ،تعمیراتی ملبہ صاف کیا جائیگا،جبکہ کمیونیکیشن ٹیم اپنی آگاہی مہم میں شہر میں آگاہی کیمپ لگائے گی،ڈورٹو ڈور شہریوںکو صفائی یقینی بنانے کی اپیل کی جائیگی،تجارتی مراکز میں دکانداروں اور خریداروں کو بھی اس مہم میں تعاون کا کہا جائیگا،جبکہ نماز جمعہ کے اجتماعات کے موقع پر شہر کی بڑی جامع مساجدمیں جا کر امام صاحبان سے اپنے خطبہ میں صفائی کی تاکید کرنے کی درخواست کی جائیگی،ساتھ ساتھ نمازیوں میں صفائی کی آگاہی سے متعلق پمفلٹس بھی تقسیم کئے جائینگے،ایم ڈی راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی اویس منظور تارڑ نے کہا کہ شہر کی صفائی ستھرائی کے حوالے سے شہریوں کی تجاویز اور رائے کا احترام کرتے ہیں،انکی شکایات کا ہر ممکن ازالہ کیا جائیگا،شہر کے کسی بھی علاقے میں صفائی نہیں ہو رہی ہے یا عملہ غفلت کا مرتکب ہے تو براہ راست مجھ سے ملیں ،میرے دروازے آپ کیلئے ہر وقت کھلے ہوئے ہیں، راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی صفائی کی کاوشوں میں اپنا حصہ ڈالیں اور اپنی زمہ داریوں کا احساس کرتے ہوئے اپنے گھر کی طرح گلی ،بازار اور مارکیٹوں کو بھی صاف رکھیں،اپنی شکایات کا اندراج ہمارے ہیلپ لائن نمبر 1139یا “خدمت آپکی دہلیز پر “پروگرام کی ایپ پر کرائیں،صفائی سے متعلق شکایات کا فوری ازالہ کیا جائیگا،اس پروگرام کی کامیابی کیلئے راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کیساتھ تعاون کریں،ہم سب ملکر راولپنڈی کو صاف اور سرسبز شہر بنائینگے۔۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں