شیخ رشید کس خصوصی مشن پر سندھ میں؟

کراچی(آن لائن) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ کراچی پاکستانی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے،امن و امان یقینی بنائیں گے،عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لئے تمام ضروری اقدامات اٹھائینگے۔ تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد بدھ کو سندھ کے دورہ پر کراچی پہنچے جہاں وزیر داخلہ کی سیکرٹری داخلہ کے ہمراہ امن و امان کے حوالے سے سندھ رینجرز ہیڈ کوارٹر آمد ہوئی ۔ڈائریکٹر جنرل سندھ رینجرز میجر جنرل افتخار حسن چوہدری نے وفاقی وزیر داخلہ کا استقبال کیا۔رینجرز ہیڈ کوارٹر میں صوبے کی مجموعی امن و امان کی صورتحال پر وزیر داخلہ کو بریفنگ دی گئی ۔ اجلاس میں سندھ میں امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنانے کے حوالے سے تجاویز پر غور کیا گیا ۔وزیر داخلہ نے ڈی جی رینجرز کی طرف سے کراچی میں امن و امان کے حوالے سے اقدامات کی تعریف کی ۔ اس موقع پر شیخ رشید احمد کا کہناتھاکہ کراچی پاکستانی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے۔امن و امان یقینی بنائیں گے۔وزیر اعظم کی خصوصی ہدایت پرامن و امان کی صورت حال کا جائزہ لینے سندھ آیا ہوں۔شیخ رشید احمد نے کہا سندھ رینجرز کا کراچی میں امن و امان کے حوالے سے کردار بہت قابل تعریف ہے۔ عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لئے تمام ضروری اقدامات اٹھائنگے۔ وفاق قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ضروری وسائل کی فراہمی یقینی بنائے گا۔بریفننگ میں سیکرٹری داخلہ یوسف نسیم کھوکھر بھی موجود تھے۔ قبل ازیں بدھ کو کراچی ائرپورٹ پہنچنے کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کا کہناتھاکہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان تحریک انصاف کی حکومت اپنی آئینی مدت بغیر کسی رکاوٹ کے مکمل کرے گی ، وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر امن وامان کی صورتحال کا جائزہ لینے کراچی آیا ہوں ، امن و امان کی صورتحال پر گورنرسندھ ، وزیراعلی سندھ ، رینجرز حکام سے ملاقات کروں گا ، سندھ میں گورنرراج نافذکرنے کا کوئی امکان نہیں ہے۔ شیخ رشید احمد نے کہا کہ امن وامان صوبائی حکومت کا دائرہ اختیار ہے ، وہ وزیراعظم کی ہدایت پر امن وامان کی صورتحال کا جائزہ لینے کراچی آئے ہیں۔شکارپورمیں کچے کے علاقے میں آپریشن کے حوالے سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وہ اس معاملے پر وزیراعلی سندھ سے بات کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ امن وامان کی قیام کے لئے صوبے کو ہرطرح کاتعاون فراہم کریں گے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ وزارت داخلہ نے وزیر اعظم عمران خان کے دور میں ایک بھی اسلحہ لائسنس جاری نہیں کیا ہے۔ ایک اور سوال کے جواب میں ، شیخ رشید نے اس بات کا اعادہ کیا کہ کراچی سے منشیات کی لعنت کے خاتمے کے لئے پوری کوشش کریں گے۔انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں وہ اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف)سے بھی بات کریں گے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کے آدھے افسران تبدیل کردیئے گئے ہیں جبکہ باقی بھی جلد تبدیل ہوجائیں گے۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close