پاکستان کے قرضوں کی اصل وجہ کون ہے؟ شہبازگل نے بتا دیا

اسلام آباد(آئی این پی)معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ ڈاکٹر شہبازگل نے کہا ہے کہ میاں مفرور اور نااہل لیگ پاکستان کے قرضوں کی اصل وجہ ہے۔بدھ کومعاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ ڈاکٹر شہبازگل نے مریم اورنگزیب کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ قرض اتار نے کی بات وہ کر رہے ہیں جو ملکی خزانہ لوٹ کر مفرور ہیں۔انہوں نے کہا کہ اداروں کی خودمختاری کی وجہ سے نیب نے بدعنوان عناصر سے 484 ارب روپے نکلوائے ہیں جبکہ نااہلوں اور جیالوں کے 18 سالہ تاریک دور میں محض 290 ارب ریکور کیے گئے ہیں۔ شہبازگل نے کہا کہ ن لیگ کے 10 برس میں 2.6 ارب جبکہ پی ٹی آئی نے 192 ارب کی سرکاری زمین واگزار کروائی۔انہوں نے یہ بھی کہا کہا کہ درباریوں کی چیخیں قبضہ مافیا اور لٹیروں کی تکلیف کی مظہر ہیں جبکہ نااہل لیگ کو اصل خوف کی گئی کرپشن کی ریکوری کا ہے۔ شہبازگل نے کہا کہ چھوٹے میاں نے چوہدری شوگرملز کیس میں 410ملین کی منی لانڈرنگ کا جواب دینا ہے جبکہ اسحاق ڈار نے831 ارب روپے کے غیر قانونی اثاثے بنانے کا جواب دینا ہے۔ڈاکٹر شہباز نے کہا کہ شہباز شریف کو پچھلے 20 سال میں 549 ارب کے غیر قانونی اثاثوں کا جواب دینا ہوگا۔معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ ڈاکٹر شہبازگل کا مزید کہنا تھا کہ آشیانہ ہاسنگ اسکیم میں قومی خزانے کو 213 ملین روپے کا نقصان پہنچانے والے احتساب سے خوفزدہ ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں