پاکستان میں بھی ڈیجیٹل کرنسی کو قانونی حیثیت دینے کیلئے رکن اسمبلی نے آواز اٹھا دی، قانون سازی کا مطالبہ

کراچی (پی این آئی) رکن سندھ اسمبلی ڈیجیٹل کرنسی کو قانونی حیثیت دینے کے لئے متحرک ہو گئیں۔تفصیلات کے مطابق رکن سندھ اسمبلی نے اسمبلی میں قرارداد جمع کروائی ہے جس میں ڈیجیٹل کرنسی کو قانونی حیثیت دینے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ایم کیو ایم کی ایم پی اے منگلا شرما نے صوبائی اسمبلی میں قرارداد جمع کروا دی ہے۔رکن صوبائی اسمبلی کا کہنا ہے کہ ڈیجیٹل کرنسی کے لیے قانون سازی کی جائے۔لین دین میں کاغذی کرنسی کی ضرورت کم ہو رہی ہے۔سندھ حکومت کرپٹو ڈیجیٹل کرنسی کو قانونی حیثیت دینے کے لئے وفاق سے رجوع کرے۔خیال رہے کہ جب دنیا بھر میں رقوم کے لیے سکوں یا اشرفیوں کااستعمال ہوتا تھا تو چین نے کاغذ کی کرنسی کو ایجاد کیا۔اب چین دنیا کا پہلا بڑا ملک بننے والا ہے جہاں کی حکومت ڈیجیٹل کرنسی کو متعارف کرانے والی ہے جو مرکزی بینک کنٹرول کرے گا اور اس طرح وہ دنیا میں امریکی معاشی بالادستی ختم کرنے کی کوشش کرے گا۔وال اسٹریٹ جرنل کی رپورٹ کے مطابق کریڈٹ کارڈز اور پیمنٹ ایپس کی بدولت رقوم کے معاملات کسی حد تک ورچوئل ہوچکے ہیں، مگر چین اپنی توجہ ڈیجیٹل کرنسی کی جانب مرکوز کررہا ہے۔کرپٹو کرنسیاں جیسے بٹ کوائن نے نقد رقم کے ڈیجیٹل مستقبل کی جانب نشاندہی کی ہے مگر یہ تمام ڈیجیٹل کرنسیاں روایتی عالمی مالیاتی نظام کا حصہ نہیں اور نہ ہی انہیں حکومتوں کی جانب سے قانونی حمایت حاصل ہے۔چین ایسی ڈیجیٹل کرنسی کا تصور رکھتا ہے جسے اس کا مرکزی بیک کنٹرول کرے گا یعنی نئی الیکٹرونک کرنسی کا اجرا کرے گا۔ڈیجیٹل یوآن کی بدولت چینی حکومت بٹ کوائن کی کشش کاباعث بننے والے ایک اہم عنصر کی روک تھام بھی کرے گا، یعنی صارف کا گمنام ہونا۔دنیابھر میں مرکزی بینکوں بشمول پیپلز بینک آف چائنا (پی بی او سی) کی جانب سے ڈیجیٹل کرنسیوں کی تیاری پر غور کیا جارہا ہے جو مقامی اور بین الاقوامی ادائیگیوں کا عمل تیز کریں گی اور اس کے ساتھ ساتھ سستی بھی ہوں گی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close