یہ بات بالکل واضح اور دو ٹوک ہے کہ پیپلزپارٹی کسی دوسری سیاسی جماعت کو وضاحت نہیں دے گی، پیپلزپارٹی

اسلام آباد (آن لائن)پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹرینز کی نائب صدر سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ یہ بات بالکل واضح اور دو ٹوک ہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی کسی دوسری سیاسی جماعت کو وضاحت نہیں دے گی قائد حزب اختلاف سے ملاقات کا صرف اور صرف ایک مقصد تھا کہ پارلیمان میں اپوزیشن کے کردار کو فعال کیا جائے،پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمانی سیاست پر یقین رکھتی ہے اور اس سلسلے میں ہر ممکن اقدامات اٹھاتی رہے گی، شیری رحمان نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی ایک آزاد سیاسی جماعت ہے، ہم کسی دوسری سیاسی جماعت کے تابع نہیں ہیں،ہم نے کسی کو نہیں کہا کہ ہمیں پی ڈی ایم میں شامل کرلیا جائے بلکہ اس حوالے سے اپوزیشن جماعتوں کے بعض عناصر آپس میں لڑرہے ہیں آپس میں لڑ کر ایک دوسرے کو نقصان پہنچانے کے بجائے اپوزیشن جماعتوں کے بعض عناصر پی ڈی ایم سے متعلق پہلے پی پی پی کا مؤقف تو معلوم کرلیں،شوکاز نوٹس کو وضاحت طلبی کا خط قرار دے کر معافی مانگنے والوں کا ہدف بظاہر حکومت نہیں بلکہ پی پی پی ہے،یہ کیسا ڈرامہ ہے کہ کوئی پی پی کو پی ڈی ایم میں شمولیت کی پیش کش کررہا ہے اور کوئی اس پیش کش کو مسترد کررہا ہے،پاکستان پیپلزپارٹی نے جس پی ڈی ایم کو بنایا، حکومت مخالف اس اتحاد کو جان بوجھ کر نقصان پہنچایا گیا،ایک ایسے وقت میں منصوبہ بندی کے تحت پی ڈی ایم میں دراڑ ڈالی گئی کہ جب عمران خان کی گرتی ہوئی دیوار چند مزید دھکوں کی مار تھی،صاف نظر آرہا ہے کہ اپوزیشن میں شامل بعض عناصر حکومت کے خلاف مہم کو چھوڑ کر پی پی پی کو نشانہ بنارہے ہیں،اپوزیشن رہنماؤں سے درخواست ہے کہ اپنی صفوں میں حکومت مخالف مہم کے تارپود بکھیرنے والے عناصر کی نشان دہی کرکے ان کی بیخ کنی کی جائے،بدین میں پی ڈی ایم اور جی ڈی اے کے 16 رکنی اتحاد کی ایک جیالے کارکن کے ہاتھوں شکست سے بہت سے عناصر بوکھلاگئے ہیں،اپوزیشن کی دیگر جماعتوں سے درخواست ہے کہ حکومت کے خلاف اپوزیشن کریں، اپوزیشن کے خلاف اپوزیشن کا کوئی فائدہ نہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں