عازمین حج کیلئے ایک اور بری خبر، حج اخراجات میں خاطر خواہ اضافے کا امکان

اسلام آباد (پی این آئی) وزیراعظم عمران خان کے نمائندہ خصوصی حافظ طاہر اشرفی نے رواں برس حج کے اخراجات میں خاطر خواہ اضافے کا امکان ظاہر کر دیا۔ نجی ٹی وی چینل سے بات کرتے ہوئے وزیراعظم کے نمائندہ خصوصی طاہر اشرفی نے کہا کہ عازمین حج کو انتظار کرنا چاہئیے کیونکہ ابھی سعودی حکومت کی جانب سے حج کے حوالے سے کوئی نمبرز نہیں آئے۔اُن کا کہنا تھا کہ سعودی وزارت صحت کی حتمی ہدایات آنے پر وزارت مذہبی امور تفصیلات بتائے گی اور اس کے بعد ہی حج کےاخراجات کا اعلان ہوگا۔ حافظ طاہر اشرفی کا کہنا تھا کہ اس مرتبہ کورونا کی وجہ سے حج کے اخراجات پچھلی بار سے بڑھ جائیں گے۔ یاد رہے کہ تین روز قبل وزیراعظم کے معاونِ خصوصی برائے مذہبی ہم آہنگی علامہ طاہر اشرفی نے بتایا تھا کہ خادم الحرمین شریفین نے عازمین حج کے لیے ہدایات جاری کردی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ سعودی وزارت صحت کو ہدایت کی گئی ہے کہ رواں سال 60 ہزار عازمین حج ادا کریں گے، 18 سال سےکم اور 60 سال سے زائد عمر کے افراد فریضہ ادا نہیں کرسکیں گے۔ اُن کا کہنا تھا کہ سعودی حکومت کی جانب سےصورت حال دیکھ کر مزید فیصلے کیے جانے کا بھی امکان ہے، امیدہے رواں سال عمرہ کرنے کی اجازت بھی دے دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وبا کی وجہ سے احتیاط برتی جارہی ہے، پاکستان نے سعودی حکومت کے ساتھ چینی ویکسین لگوانے والوں کو اجازت دینے کا معاملہ اٹھایا، امید ہے اس کا مثبت جواب آئے گا۔یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ سعودی حکومت نے عازمین حج کے لیے کورونا ویکسی نیشن کی شرط عائد کر رکھی ہے اور منظور شدہ کمپنیوں کے ناموں کا اعلان بھی کیا ، اعلان اور شرط کے بعد پاکستانی وزارتِ خارجہ نے سعودی حکومت سے رابطہ کیا اور چینی ویکسین رجسٹرڈ کرنے کی درخواست کی ۔ وزارت صحت نے بتایا کہ حج درخواست گزار اس بات کی یقین دہانی کرائے گا کہ وہ ہرقسم کی پیچیدہ بیماری سے پاک ہے، ڈائیلیسزیا گزشتہ 6 ماہ میں کسی بیماری کے باعث اسپتال میں داخل نہ ہونےکا سرٹیفکیٹ دینا ہوگا۔حج درخواست گزارکو کورونا ویکسین کی دونوں خوراکیں اور پی سی آر ٹیسٹ کروانا ہوگا، عازمین کو اپنے ملک میں سعودی حکومت کی جانب سے منظورشدہ ویکسین لگوانا ہوگی جبکہ کورونا ویکسین کی دوسری خوراک سعودی عرب پہنچنے سے 14 روز پہلے لگ چکی ہو۔وزارت صحت نے اپنے بیان میں کہا کہ پی سی آر ٹیسٹ سعودی عرب پہنچنے کی تاریخ سے 72 گھنٹے سے زائد کا نہ ہو، اور پی سی آر ٹیسٹ کے بغیر کسی بھی مسافر کو جہاز پر سوار نہیں دیا جائے گا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close