اسلام آباد(آئی این پی)وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان عثمان ڈار نے کہا ہے کہ نوجوانوں کو فیصلہ سازی اور سیاسی اختیارات تک رسائی ہوگی جس سے وہ پاکستان کو آگے لے کر جا سکتے ہیں، کامیاب جوان پروگرام کا ہمارا بنیادی مشن روزگار کی فراہمی ہے،ہر سال تقریبا 20لاکھ نوجوان ڈگریاں لینے کے بعد مارکیٹ میں آ رہے ہیں، حکومت اتنی بڑی تعداد میں سرکاری نوکریاں نہیں دے سکتی ، کامیاب جوان پروگرام کے لئے ہنر مند ہونا ضروری ہے، پہلی دفعہ حکومت کی جانب نوجوانوں کو سکلز سرٹیفکیٹس دیئے گئے، ان نوجوانوں کے لئے دونوں راستے کھلے ہیں چاہیں تو روزگار حاصل کریں اور اپنا کاروبار بھی شروع کر سکتے ہیں ،ایک لاکھ روپے سے اڑھائی کروڑ روپے تک آسان شرائط پر وسائل تک رسائی ہو گی، شخصی ضمانت پر 20لاکھ روپے تک قرضہ دیا جائے گا پیر کو ایئر یونیورسٹی میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت نوجوانوں کے لئے روزگار کے بہتر مواقع فراہم کرنے کی کوشش کر رہی ہے، پڑھے لکھے نوجوانوں کی ترجیح روزگار حاصل کرنا ہوتی ہے، حکومت نوجوانوں کو فیصلہ سازی میں شامل کرنا چاہتی ہے، ملک کی 68فیصد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے جو ملک کا سب سے بڑا اثاثہ ہیں اور ان کی رضا کارانہ خدمات بھی بڑی اہم ہیں، تعلیم، روزگار اور مختلف شعبوں کے لئے ان کی خدمات کا جائزہ لیا جا رہا ہے،انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کی ملک کے سیاسی اختیارات تک رسائی ہو گی اور اس طرح انہیں فیصلہ سازی کے عمل میں شامل کرنے کا مطالبہ پورا ہو گا، انہوں نے کہا کہ تعلیم، روزگار اور شہری خدمات کے مجموعہ کا نام کامیاب نوجوان پروگرام ہے، انہوں نے کہا کہ حکومت کو اس سلسلے میں جو اقدامات کرنا ہیں، ان میں یہ جائزہ لینا ہے کہ کتنی بڑی تعداد میں روزگار کی فراہمی ہو سکتی ہے،کامیاب جوان پروگرام وزیراعظم عمران خان کے وژن کے مطابق ہے،عثمان ڈار نے کہا کہ یونیورسٹی میں آنے کا میرا مقصد یہ واضح کرنا ہے کہ اعلی تعلیم یافتہ نوجوان ہی پاکستان کو آگے لے کر جا سکتے ہیں اور دوسروں کے لئے بھی روزگار پیدا کر سکتے ہیں، کامیاب جوان پروگرام کا ہمارا بنیادی مشن روزگار کی فراہمی ہے، انہوں نے کہا کہ پاکستان کے نوجوانوں کا مائنڈ سیٹ کلیئر کرنا بہت ضروری ہے، حکومت روزگار پیدا کر سکتی ہے لیکن اتنی بڑی تعداد میں سرکاری نوکریاں نہیں دی جا سکتیں،ان کا کہنا تھا کہ ہر سال تقریبا 20لاکھ نوجوان ڈگریاں لینے کے بعد مارکیٹ میں آ رہے ہیں، حکومت انہیں اتنی بڑی تعداد میں سرکاری محکموں میں انہیں روزگار نہیں دے سکتی تاہم حکومت نوجوانوں کے لئے ایک سہولت کنندہ کا کردار ادا کر سکتی ہے، حکومت کا کام ایسے حالات اور مواقع پیدا کرنا ہے جس سے روزگار پیدا کئے جا سکیں، معیشت کو مستحکم بنا کر روزگار پیدا کئے جا سکتے ہیں، میں اس لئے یونیورسٹی کا دورہ کر رہا ہوں کہ وہ تمام نوجوان جو ڈگریاں لیتے ہیں ان کی کس طرح مدد ہو سکے،معاون خصوصی نے کہا کہ نوجوان پہلے ہی ایک قطار مارکیٹ میں لگے ہوئے ہیں ، نوجوانوں کو روزگار ملنا خوش قسمتی ہو گی اور اسی وجہ سے نوجوانوں کی بھی خواہش ہے کہ وہ ہنر مندی کے ساتھ آگے آئیں، کامیاب جوان پروگرام کے لئے ہنر مند ہونا ضروری ہے، اس سلسلے میں سکل ٹریننگ کا آغاز کیا گیا ہے اور پہلی دفعہ حکومت کی جانب نوجوانوں کو سکلز سرٹیفکیٹس دیئے گئے، ان نوجوانوں کے لئے دونوں راستے کھلے ہیں چاہیں تو روزگار حاصل کریں اور اپنا کاروبار بھی شروع کر سکتے ہیں جس کے لئے وزیراعظم کی روزگار ٹیم نے پہلے مرحلے میں ایک سو ارب روپے رکھے ہیں،انہوں نے کہا کہ ایک لاکھ روپے سے اڑھائی کروڑ روپے تک آسان شرائط پر وسائل تک رسائی ہو گی، اگرچہ ہمارے بینکاری نظام کا ایسا مائنڈ سیٹ نہیں ہے مگر بینکوں کی جانب سے نوجوانوں کو سہولت فراہم کی جائے گی جنہیں شخصی ضمانت پر 20لاکھ روپے تک قرضہ دیا جائے گا،انہوں نے بتایا کہ میرے خاندان نے بھی کاروبار کی جانب توجہ دی اور اچھی کاروباری ساکھ کے باعث ہمارے کاروبار نے وسعت پائی، میں نے بھی ڈگری لینے کے بعد اپنے والد کے کاروبار میں شمولیت اختیار کی اور اس طرح ایک بزنس سے تقریبا اڑھائی ہزار لوگ منسلک ہیں،ان کا کہنا تھا کہ کہ وزیراعظم کامیاب جوان پروگرام کی ایمپلائمنٹ سکیم کی بدولت دس ہزار نوجوان اپنا کاروبار شروع کر چکے ہیں، جن میں سے سات ہزار نوجوانوں نے پہلی مرتبہ اپنا کاروبار شروع کیا ہے جنہوں نے زندگی میں کبھی اپنا اکائونٹ بھی نہیں کھولا تھا، الحمد اللہ وہ آج اپنا کاروبار کر رہے ہیں جنہیں نہ صرف اپنے لئے روزگار ملا اور وہ دوسروں کے لئے بھی روزگار پیدا کر رہے ہیں، اگر کوئی ریٹیل سٹور کھول رہا ہے وہ بھی اپنے لئے ہیلپر رکھ رہا ہے، ہم اپنے کامیاب جوان پروگرام کو پبلک کرنے جا رہے ہیں، ہر ضلع اور تحصیل میں جائزہ لیں گے کہ کتنے لوگ کاروبار کر رہے ہیں اور سب دیکھیں گے کہ قرضہ لے کر کس طرح یہ لوگ روزگار کے مواقع فراہم کرتے ہیں،انہوں نے کہا کہ سرٹیفکیٹس حاصل کرنے والے طلبا کامیاب جوان پروگرام کا حصہ بنیں اور وہ www.kamyabjawan.gov.pk پر وزٹ کر کے اپنے لئے معلومات حاصل کریں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کا مشن پڑھے لکھے نوجوانوں کے لئے کامیاب جوان پروگرام کی رسائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو نوکری کا متلاشی نہیں بلکہ نوکریاں دینے والا بننا چاہیے،تقریب کے دوران وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان عثمان ڈار نے نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن کے چیئرمین سید جاوید حسن اور وائس چانسلر ایئر یونیورسٹی ایئر مارشل(ر)جاوید احمد نے ہنر مند پاکستان پروگرام میں کامیاب ہونے والے نوجوانوں میں سرٹیفکیٹس تقسیم کئے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں