دل کھول کر رکھ دیا، بھر پور حمایت پر فلسطینی سفیر کا اہل پاکستان کے نام شکریے کا خط

اسلام آباد(آئی این پی)فلسطین کے سفیر احمد ربیعی نے فلسطینیوں کی بھرپور حمایت پر اہل پاکستان کے نام اظہار تشکر کا خط لکھا ہے انہوں نے خط میں کہا کہ فلسطین کے عوام، مردوزن، بچوں، بزرگوںکی طرف سے پاکستان کے برادر عوام، اس کی عظیم فوج، تمام معزز اعلی عہدیداروں، صدر ووزیراعظم پاکستان، وزیر خارجہ، تمام وزرا، ارکان پارلیمان، جماعتوں کے قائدین کاتہہ دل سے مخلصانہ شکریہ ادا کرتے ہیں، فلسطینی سفیر نے تہنیتی خط میں لکھا کہ اہل پاکستان نے فلسطینیوں اورایک خودمختار اور آزاد ریاست فلسطین کے قیام کی جدوجہد میں ان کی بھرپور حمایت کی ۔ میں تہہ دل سے آپ کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ آپ نے واشگاف اور شاندار الفاظ میں فلسطینی جدوجہد آزادی کی حمایت کرنے کے علاوہ نہتے او ربے گناہ فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی ظلم وبربریت اور جارحیت کی مذمت کی اور مسئلہ فلسطین کے حل کے فوری اور ٹھوس اقدامات ٓاٹھانے کے لئے عالمی برادری پر زور دیا۔ جنگ بندی، کشیدگی اور ظلم و بربریت کو ختم کرانے کے لئے او۔آئی۔سی اور اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے ہنگامی اجلاس بلانے کے لئے آپ کی کوششوں کو بڑے پیمانے پر سراہا گیا ہے۔ اتفاق رائے پیدا کرنے، رائے عامہ ہموار کرنے اور اس بحث کو صحیح رخ پر استوار کرنے میں پاکستان نے ایک انتہائی اہم کردار ادا کیا ہے۔ یہ تاریخی کردار نہ صرف فلسطینی عوام بلکہ پوری دنیا یاد رکھے گی اور اس تاریخ کو آنے والی نسلیں ہمیشہ یاد رکھیں گی۔ ایک اور تاریخی دن جسے فلسطینی کبھی فراموش نہیں کرپائیں گے، 21مئی کا یوم یک جہتی فلسطین کا دن ہے ، فلسطینیوں سے اظہار یک جہتی اور مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں بے گناہ فلسطینیوں پر اسرائیلی بربریت اور ظالمانہ حملوں کی مذمت کے لئے یہ فیصلہ وزیراعظم پاکستان نے کیا ۔ پاکستان کی پارلیمنٹ نے متفقہ قرارداد منظور کی جس میں فلسطینی عوام پراسرائیل کے منظم جبرواستبداد کی مذمت کرتے ہوئے اقوام متحدہ سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی تحقیقات کرانے کا مطالبہ کیا۔ فلسطینی سفیر نے لکھا کہ میں پاکستان کی حکومت، پارلیمنٹ، این جی اوز اور مختلف جماعتوں کی جانب سے (فلسطینی)سفارت خانے آمد اور یک جہتی کے اظہار پر بے حد شکریہ ادا کرتا ہوں کہ ہمارے نہتے لوگوں پر اسرائیلی قابض افواج کے حملوں، غیرقانونی اسرائیلی آبادکاری اور فلسطینیوں کو زبردستی بے دخل کرنے کے اقدامات کے نتیجے میں پیدا ہونے والی مشکل کی اس گھڑی میںقیمتی وقت نکال کر آپ نے ہمارے ساتھ یک جہتی کی۔ یہ تمام اسرائیلی اقدامات انسانی حقوق اور عالمی قانون کی سنگین خلاف ورزیاں ہیں۔ یہ ایک انسانی بحران ہے۔ فلسطینیوں کے ساتھ بھرپور یک جہتی کے اظہار پر میں پاکستان کے تمام لوگوں کا بے حد شکرگزار ہوں، اتحاد واخوت کے آپ کے پیغام نے محصور فلسطینیوں کے جذبے کو بڑھایا اور ان کے عزم کو ایک توانائی دی ہے۔ اگرچہ غزہ میں جنگ بند ہوگئی ہے لیکن آزادی کے حصول کی ہماری جدوجہد ابھی جاری ہے۔ اِن شااللہ اپنے پاکستانی بھائیوں کے ساتھ مل کر اوران کے شانہ بہ شانہ ہم فلسطین کو آزاد کرائیں گے اور فلسطین کے القدس الشریف دارالحکومت میں مسجد اقصی میں مل کر نماز ادا کریں گے۔ اللہ تعالی اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں شہید ہونے والوں کے درجات بلند فرمائے اور زخمیوں کو جلد صحت یاب فرمائے۔ اللہ تعالی پاکستان کو اپنی رحمتوں میں رکھے۔آمین

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close