اسلام آباد (آئی این پی) وزیر مذہبی امور نور الحق قادری کا وزیر اعظم آفس سے رابطہ، وزارت مذہبی امور کے معاملات میں حافظ طاہر محمود اشرفی کی بار بار مداخلت کی شکایت کر دی، ذرائع کے مطابق وفاقی وزیر مذہبی امور نور الحق قادری نے وزیر اعظم آفس سے رابطہ کر کے وزارت مذہبی امور کے معاملات میں بے جا مداخلت اور بیان بازی کرنے پر طاہر اشرفی کی شکایت کی، ذرائع کے مطابق نور الحق قادری نے وزیر اعظم آفس کو آگاہ کیا کہ نمائندہ خصوصی برائے مشرق وسطی طاہر اشرفی کی جانب سے پاکستان کے حج کوٹے کے معاملے پر خودساختہ بیانات کے باعث نہ صرف سعودی وزارت حج کو وضاحتی بیانات جاری کرنے پڑے بلکہ مجھے بھی وضاحت دینی پڑ رہی ہے ، وزارت مذہبی امور کو سبکی کا سامنا کرنا پڑا،ذرائع کا کہنا تھا کہ وزیر مذہبی امور نور الحق قادری نے وزیر اعظم آفس سے درخواست کی حافظ طاہر اشرفی کو وزارت مذہبی امور ، حج کے معاملات میں بے جا مداخلت اور خود ساختہ بیان بازی سے روکا جائے ، واضح رہے کہ وزیر اعظم پاکستان کے نمائندہ خصوصی برائے مشرق وسطی اور مذہبی ہم آہنگی طاہر اشرفی نے ہفتہ کو ایک بیان میں کہا تھا کہ سعودی حکومت نے اس سال دنیا بھر سے 60ہزار افراد کو حج کی اجازت دے دی ہے اور پاکستان سے بھی لوگ حج کے لیے جائیں گے ، ان کے اس بیان پر نہ صرف پاکستان میں سعودی سفارت خانے کو وضاحت جاری کرنا پڑی بلکہ وزیر مذہبی امور نور الحق قادری کو بھی سعودی وزیر حج و عمرہ سے ٹیلی فونک رابطہ کر کے وضاحتی بیان جاری کرنا پڑا جس باعث وزارت مذہبی امور کو سبکی کا سامنا کرنا پڑا۔۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں