ریلوے کی ماہانہ کارکردگی کے حوالے سے اعلیٰ سطح کا اجلاس

لاہور (آن لائن) سیکرٹری /چیئرمین ریلویز حبیب الرحمان گیلانی نے ریلوے ہیڈکوارٹرز آفس لاہور میں ماہانہ کارکردگی کے حوالے سے اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں سیکرٹری /چیئرمین ریلویز کو لینڈ، فریٹ، پسنجرآمدنی، ریلوے حادثات سمیت دیگر شعبہ جات کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ آمدن میں اضافے کے حوالے سے بریفنگ میں چیئرمین ریلویز کو بتایا گیا کہ اپریل 2019-20 میں ریلوے کی پسنجر ، فریٹ اور متفرق آمدن تقریباً1 ارب 44 کروڑ 19 لاکھ 63ہزارکے لگ بھگ تھی جو اسی دورانیہ اپریل 2020-21 میں یہ آمدن3ارب 89 کروڑ 1 لاکھ 6ہزار تک جاپہنچی ہے۔گزشتہ ایک سال سے کرونا کے باعث پیداہونے والے نامساعد حالات کے باوجود آمدن میںاضافے پرسیکرٹری/چیئرمین ریلویز حبیب الرحمان گیلانی نے افسران اور ملازمین کی محنت اور کوششوں کو سراہا اور انہیں آمدن میں مزید بہتری لانے کے لیے کوششیں جاری رکھنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے تمام افسروں کو ٹرینوں کی پنکچوا یلیٹی اور مسافروں کو دی جانی والی سہولیات کو مزید بہترکرنے کا حکم بھی دیا۔ انہوں نے کہا کہ ٹرینوں میں صفائی ستھرائی کا بہتر نظام ہونا چاہیے اور ٹرینوں میں جراثیم کش ادویات کا سپرے ہونا چاہیے تاکہ مسافروں کو دورانِ سفر کسی قسم کی پریشانی نہ ہو۔ اس کے علاوہ سیکرٹری /چیئرمین نے ٹرین حادثات میں کمی پر بھی ریلوے افسران اور ملازمین کی محنت اور کوششوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔ جبکہ اس حوالے سے چیف آپریٹنگ سپرنٹنڈنٹ سیفٹی کو بھی ہدایات جاری کیں کہ وہ ریلوے ٹریک کی حفاظت کومزید بہتربنائیں اور جگہ جگہ سے ٹریس پاسنگ کو بند کیاجائے جوکہ بے جا حادثات کا سبب بنتے ہیں۔ سیکرٹری /چیئرمین نے مختلف پراجیکٹس کی بروقت تکمیل کے لیے آفیسرز پر مشتل کمیٹیاں بھی تشکیل دیں تاکہ کام کو جلد سے جلد پایہ تکمیل تک پہنچایا جاسکے۔ اس کے علاوہ آئی ٹی ڈیپارٹمنٹ اور عدالتی معاملات کے کیسزپر بھی مشاورت کی گئی۔ اجلاس میں چیف ایگزیکٹوآفیسرریلویز نثار احمدمیمن،ایڈیشنل سیکرٹری وزارت ریلویز عارف انور بلوچ، ایڈیشنل جنرل منیجر ٹریفک سید مظہر علی شاہ، ایڈیشنل جنرل منیجرانفراسٹرکچر آصف متین زیدی، ایڈیشنل جنرل منیجرمکینکل سلمان صادق اور ممبر فنانس برکت علی میمن اور ڈائریکٹر پبلک ریلشنز نازیہ جبین سمیت دیگر اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close