سی پیک پورے خطے کی ترقی کا راستہ ہے، پاک چین سٹریٹجک پارٹنرشپ کی دنیا میں مثال نہیں ملتی، وزیراعظم

اسلام آباد(آئی این پی)وزیراعظم عمران خان نے غیر ملکی سرمایہ کاروں اور خصوصا چینی سرمایہ کاروں کو طویل المدتی ویزہ کے اجرا میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کے لئے فوری طور پر اقدامات کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ چین اور پاکستان کی سٹریٹجک پارٹنرشپ کی دنیا میں مثال نہیں ملتی، سی پیک نہ صرف پاکستان کیلئے اقتصادی ترقی کی نوید ہے بلکہ پورے خطے کی ترقی کا راستہ سی پیک سے ہو کر گزرتا ہے، وزیر اعظم نے ان خیالات کا اظہار اتوار کو سی پیک منصوبوں پر پیشرفت کے حوالے سے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا،اجلاس میں ملک میں سی پیک منصوبے کے تحت سرمایہ کاری، حکومت کی جانب سے چینی سرمایہ کاروں کو فراہم کی جانے والی سہولیات اور بعض معاملات میں سرمایہ کاروں کو درپیش مسائل اور ان کے فوری حل پر تفصیلی گفتگو کی گئی،اجلاس میں سی پیک منصوبے سے وابستہ افراد کے لئے علیحدہ کیٹگری متعارف کرانے پر غور کیا گیا،وزیراعظم نے اس حوالے سے وزارتِ داخلہ کو کابینہ میں سمری پیش کرنے کی ہدایت کی، وزیر اعظم کی زیر صدارت منعقدہ اجلاس میں سرمایہ کاروں کی سہولت کے لئے گرین چینل قائم کرنے پر غور کیا گیا، سرمایہ کاری بورڈ نے اجلاس کو چینی سرمایہ کاروں کو دی جانے والے مراعات کے بارے تفصیلی طور پر آگاہ کیا،وزیراعظم نے اس امر پر زور دیا کہ سرمایہ کاری کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو ترجیحی بنیادوں پردور کیا جائے اور سرمایہ کاروں کو تمام ممکنہ مراعات دی جائیں۔وزیراعظم نے سرمایہ کاری بورڈ کو ہدایت کی کہ کاروباری برادری کی مشاورت سے مخصوص شعبوں میں برآمدات بڑھانے کی غرض سے غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ کے لئے ایک مفصل پلان مرتب کرکے پیش کیا جائے،وزیراعظم نے غیر ملکی سرمایہ کاروں اور خصوصا چینی سرمایہ کاروں کو طویل المدتی ویزہ کے اجرا میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کے لئے فوری طور پر اقدامات کی ہدایت کی، اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے پاک چین اکنامک کوریڈور منصوبے پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ سی پیک نہ صرف پاکستان کیلئے اقتصادی ترقی کی نوید ہے، بلکہ پورے خطے کی ترقی کا راستہ سی پیک سے ہو کر گزرتا ہے،ان کا کہنا تھا کہ ان تعلقات کو مضبوط اقتصادی تعلقات میں بدلنے کیلئے ضروری ہے کہ باہمی مفاد کے شعبوں میں سرمایہ کاری کو فروغ دیا جائے اور سرمایہ کاروں کو تمام ممکنہ مراعات فراہم کی جائیں، وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ چین اور پاکستان کی سٹریٹجک پارٹنرشپ کی دنیا میں مثال نہیں ملتی،وزیراعظم نے اجلاس میں اسپیشل اکنامک زونز پر پیش رفت کو تسلی بخش قرار دیا اور اسی کے ساتھ اجلاس میں کراچی میں سی پیک اسپیشل اکنامک زون کے قیام کا بھی فیصلہ کیا گیا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close