کورونا وائرس کی تیسری لہر کو شکست؟ اسلام آباد میں کورونا کیسز کی شر ح کم ترین سطح پر آگئی

اسلام آباد(پی این آئی) حکومت کی جانب سے ایس او پیز پر عمل درآمد کروانے کے اثرات، اسلام آباد میں کورونا کیسز کی شرح کم ترین سطح پر آ گئی۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں کورونا کیسزکی ہفتہ وارشرح میں کمی آنے لگی۔ محکمہ ضلعی صحت اسلام آباد کی کورونا کے مثبت کیسز پر ہفتہ وار رپورٹ جاری کردی ہے جس کے مطابق ہفتہ وارکوروناکےمثبت کیسزکی شرح تیسری لہرمیں پہلی بار کم ریکارڈ کی گئی ہے۔ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر نے بتایا کہ 23 مئی کو ختم ہفتے کے دوران کورونامثبت کیسزکی شرح 5.94 فیصد رہی اور ایک ہفتے کے دوران اسلام آباد میں 1189افرادمیں کورونا کی تشخیص ہوئی۔ ڈی ایچ او نے بتایا کہ 16 مئی تک اسلام آبادمیں کورونامثبت کیسزکی ہفتہ وارشرح 6.86 فیصد تھی تاہم ہفتہ وارمثبت کیسزکی سب سےزیادہ شرح 29 مارچ سے 4 اپریل کے درمیان رہی اور اس عرصے کے دوران 5 ہزار317افرادمیں کوروناکی تشخیص ہوئی۔ڈی ایچ او کے مطابق 4 اپریل کوختم ہفتے کوکورونا مثبت کیسزکی ہفتہ وار شرح 11.28 فیصد تھی۔ ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اسلام آباد میں کورونا کے 156 کیس رپورٹ ہوئے اور کورونا وائرس کے مثبت کیسز کی شرح 4.91 فیصد رہی۔ خیال رہے کہ صوبہ پنجاب میں بھی کورونا وائرس کے کیسز کی شرح کم ترین سطح پر آگئی ہے۔ دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کورونا کے بڑھتے کیسز کے پیش نظر پابندیاں بڑھانے کا اعلان کردیا۔ماہرین طب اور ڈاکٹروں کی نمائندوں تنظیموں کے رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کراچی میں کورونا مثبت کیسز کی شرح 13 فیصد سے زیادہ ہے، ہسپتالوں میں دستیاب بیڈز تیزی سے بھر رہے ہیں، کیوں کہ عید کے بعد مثبت کیسز کی شرح میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے، کورونا کے بڑھتے کیسز کے پیش نظر پابندیاں بڑھا رہے ہیں اور ایس او پیز میں نرمی نہیں کر سکتے، کورونا کی پہلی لہر پر ہم نے کامیابی سے قابو پایا ، اب کورونا کی تیسری لہر سے نمٹ رہے ہیں۔وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ کورونا سے متعلق ٹاسک فورس میں مختلف اداروں کے نمائندے ہوتے ہیں، ہمیں ٹاسک فورس نے سختی سے کہا ہے کہ احتیاط کریں، ہمیں مزید سختی کرنی ہے، ایس او پیز میں نرمی نہیں کر سکتے، کورونا کے بڑھتے کیسز کے پیش نظر پابندیاں بڑھا رہے ہیں، جس کے تحت صوبے بھر میں دکانیں 8 بجے کی بجائے شام 6 بجے تک کھلیں گی، صرف ادویات فروخت کرنے والی دکانیں کھلیں گی، خلاف ورزی پر عوام کے بجائے دکان کے خلاف ایکشن ہوگا، شاپنگ مالز اوراس میں قائم فارمیسیز بھی 6 بجے بند ہوں گی، ان ڈور اور آؤٹ ڈور ڈائنگ مکمل طور پر بند ہے، ٹیک اوے اور ہوم ڈیلیوری کھلی ہیں لیکن اس کا غلط استعمال نہ کیا جائے، ہر کسی قسم کی تقریبات کے انعقاد پر پابندی ہے، تفریحی مقامات، پارکس اور سینما ہالز اگلے دو ہفتوں کے لئے بند ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں