مزدوروں کی اجرت میں اضافہ، ایک سال کی بجلی اور گیس کی قیمتیں منجمد اور کوئی نیا ٹیکس لاگو نہ کیا جائے، آئندہ مالی بجٹ کے حوالے سے عوامی خواہشات کی ترجمانی کر دی گئی

اسلام آباد(پی این آئی)اسلام آباد چیمبر کے سابق صدر شاہد رشید بٹ نے کہا ہے کہ صنعتی ترقی کے زریعے روزگار بڑھانے کے لئے بجٹ میں کوئی نیا ٹیکس نہ لگایا جائے جبکہ بجلی اور گیس کی قیمتوں کو ایک سال کے لئے منجمد کر دیا جائے، برآمدی شعبہ کو زیرو ریٹنگ کی سہولت دی جائے جبکہ مزدوروں کی اجرت میں اضافہ کے لئے اقدامات کئے جائیں۔شاہد رشید بٹ نے یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا کہ اگرمعیشت واقعی ترقی کر رہی ہے تو مزدوروں کی حقیقی آمدنی میں اضافہ کے بجائے کمی کیوں ہو رہی ہے؟۔انھوں نے کہا کہ ترسیلات بڑھ رہی ہیں، کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس میں ہے، بڑی صنعتیں ترقی کر رہی ہیں ، سیمنٹ آٹو موبائل اور کئی شعبوں کا منافع بڑھ رہا ہے مگر اسکے ثمرات مزدوروں تک نہیں پہنچ رہے ہیں اور ہوشرباءمہنگائی کے باوجود انکی حقیقی اجرت کم ہو رہی ہے جس نے انکی زندگی کو مشکل بنا دیا ہے،2009ء سے 2013ء تک حقیقی اجرت میں دو فیصد اضافہ ہوا جبکہ2013ءسے 2018ء تک اس میں سالانہ چار فیصد اضافہ ہوا جبکہ اکتوبر 2018ء سے اجرتوں میں کمی آنا شروع ہو گئی جو مختلف شعبوں کے لئے چھ سے بارہ فیصد رہی ۔انہوں نے کہا کہ کنسٹرکشن پیکج سے بھی روزگار کے مواقع اتنے نہیں بڑھے کہ مزدوروں کی اجرت بھی بڑھ سکے تاہم اس مدت میں کارپوریٹ سیکٹر کے منافع میں خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے، گزشتہ دو سال کی اوسط شرح نمو 1.7 فیصد رہی ہے،شرح نمو میں اضافہ کرنے کے لئے مرکزی بینک کی جانب سے شرح سود کم کرنا اور کاروباری ماحول بہتر بناناضروری ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں