جہانگیر ترین کا مسئلہ حل ہو چکا ہے، فردوس عاشق اعوان نے تفصیلات کا انکشاف کر دیا

لاہور (آن لائن)معاون خصوصی وزیراعلی پنجاب برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت کورونا کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کیلئے ویکسینیشن کے عمل کو تیز تر بنائے ہوئے ہے،فرنٹ لائن ورکرز کی ویکسینیشن بھی زوروشور سے جاری ہے،صحافی بھی چونکہ فرنٹ لائن ورکرز کا کردار ادا کر رہے ہیں اس لیے پنجاب بھر کے صحافیوں کی ویکسینیشن کا عمل بھی جاری و ساری ہے- ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلع کونسل ہال گوجرانوالہ میں صحافیوں کے لیے کورونا ویکسینشین کیلئے الگ کاؤنٹر کا افتتاح کر نے کے بعدمیڈیا سے بات کرتے ہوئے کیا- اس موقع پرڈپٹی کمشنر محمد سہیل خواجہ، سی پی او سرفراز احمد فلکی، ٹکٹ ہولڈر پی ٹی آئی چوہدری صدیق مہر، رضوان اسلم بٹ، وائس چیئرمین پنجاب سوشل پروٹیکشن اتھارٹی جمال ناصر چیمہ، سی ای او ہیلتھ اتھارٹی ڈاکٹر فرجاد بٹ، ڈی ایچ او ڈاکٹر صوفیہ، پی ٹی آئی کی مقامی قیادت کے علاوہ پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا کے نمائندوں کی کثیر تعداد بھی موجود تھی-معاون خصوصی نے صحافیوں کے کاؤنٹر کے افتتاح کے بعد ضلع کونسل ہال میں صحافیوں کو کورونا سے بچاؤ کی ویکسین بھی لگائی اورشہریوں کے لیے بنائے گئے ویکسینیشن سنٹر کا بھی دورہ کیا اور شہریوں کو دی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا -انہوں نے کہا کہ کورونا ویکسین کی عوام کو بروقت فراہمی کیلئے حکومت تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے لیکن کچھ منفی ذہنیت کے حامل عوام کے دھتکارے ہوئے عناصر مشکل کی گھڑی میں بھی سیاست چمکانے کا موقع جانے نہیں دیتے اور ویکسینیشن کے حوالے سے پراپیگنڈا کرتے رہتے ہیں جس میں کوئی حقیقت نہیں – انہوں نے کہا کہ قوم دیکھ رہی ہے کہ ملک میں کورونا ویکسین وافر مقدار میں موجود ہے اور ویکسینیشن کا عمل زور و شور سے جاری ہے -انہوں نے کہا کہ اب تک 3 لاکھ 13 ہزار 699 ہیلتھ کیئر ورکرز کو پہلی ڈوز دی جا چکی ہے،1 لاکھ 69 ہزار 1 سو 45 ہیلتھ کیئر ورکرز کو دوسری ڈوز فراہم کر دی گئی ہے جبکہ صوبہ بھر میں 17 لاکھ 49 ہزار 6 سو 50 لوگوں کو کورونا کی پہلی ویکسین لگائی جا چکی ہے،3 لاکھ 92 ہزار 113 لوگوں کو کورونا کی دوسری ویکسین لگائی گئی ہے- ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ اب تک 26 لاکھ 38 ہزار 352 لوگوں کو کورونا ویکسین لگائی گئی ہے-گزشتہ 24 گھنٹے میں ایک لاکھ 28 ہزار دو سو لوگوں کو کورونا ویکسین لگائی گئی ہے- انہوں نے کہا کہ عوام زیادہ سے زیادہ کورونا ویکسین لگوائیں تاکہ ہم جلد سے جلد کورونا سے نجات پا سکیں اور نارمل زندگی کی طرف لوٹ سکیں – صحافیوں کے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جہانگیر ترین کا مسئلہ حل ہو چکا ہے یہ گھر کا مسئلہ تھا گھر کے بڑوں نے مل بیٹھ کر حل کردیا،سیاسی گٍدھوں، سیاسی لومڑیوں اور بھگوڑوں کے ھاتھ کچھ نہیں آیا۔ آج بھی ڈٹ کر کھڑا ہے کپتان اور جم کر کھڑا ہے بزدار۔ انہوں نے کہا کہ ہماری پارٹی کی اصل جنگ مہنگائی، بے روزگاری اور کورونا سے ہے،اپوزیشن کا کرپٹ اور عوام دشمن ٹولہ ظل سبحانی کی شہہ پر کبھی لانگ مارچ، کبھی عدم اعتماد اور کبھی استعفوں کے شوشے چھوڑ کر حکومت کی توجہ ہٹانے کیلئے روز اول سے ہی ہاتھ پاؤں مار رہا ہے لیکن مافیا کے سب منصوبے ناکام و نامراد رہے اور ہماری حکومت ملک میں معاشی استحکام کے ایجنڈے پر کامیابی سے گامزن ہے- انہوں نے کہا کہ شو باز شریف پتلی گلی سے بیرون ملک فرار ہونا چاہتے تھے لیکن ان کا ملک سے فرار ہونا وطن عزیز سے بڑی زیادتی ہوتی کیوں کہ شہباز شریف نے دونوں ہاتھوں سے عوام کو لوٹا،دو نمبر منصوبے لگائے اور مال غنیمت کی بوریاں بیرون ملک بھجوا دیں، شوباز کا بھاگ جانا عوام سے ظلم کے مترادف تھا- انہوں نے کہا کہ لین دین کے معاملے پر لوگ ظل سبحانی عرف لٹو پٹو سرکار کا گھیراؤ کر رہے ہیں،جھوٹا منافق ظل سبحانی دوائی لینے لندن گیا مگر وہاں جاکر کاروبار کے معاملات دیکھ رہا ہے،یہ کرپٹ ٹولہ لوٹ مار اور ملک و قوم کو چونے لگانے کا ماہر ہے – ڈاکٹرفردوس عاشق اعوان نے کہا کہ عمران خان قوم کا مسیحا بن کر آیا اور ملک کو دیمک کی طرح چاٹنے والے کرپٹ ٹولے سے عوام کو محفوظ بنایا،عمران خان نے چور کرپٹ منافق ٹولہ کی چوری چکاری لوٹ مار اور غنڈہ گردی کا پردہ چاک کیا – پی ڈی ایم مردہ گھوڑا کرپٹ ٹولہ جو مرضی کرلے اس میں جان نہیں پڑ سکتی- انہوں نے کہا کہ جعلی راجکماری نے سر دھڑ کی بازی لگا لی حکومت کا بال بیکا نہ کر سکے ظل سبحانی دوم بھی جتنا مرضی زور لگا لیں کچھ ہاتھ نہیں آنا۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close